• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

10محرم الحرام کی نشریات میں 'نفرت انگیز مواد' نشر کرنے پر 24نیوز کا لائسنس معطل

شائع August 31, 2020
چینل 24نیوز کو اس سے قبل بھی پیمرا کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
چینل 24نیوز کو اس سے قبل بھی پیمرا کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے 10محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران نفرت انگیز مواد نشر کرنے پر 24نیوز کا لائسنس فوری طور پر معطل کردیا ہے۔

اس سے قبل پیمرا نے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ وہ کوئی بھی ایسا مواد نشر نہ کریں جو نفرت آمیز یا فرقہ واریت پر مبنی ہو یا جس سے بین المذاہب ہم آہنگی کو ٹھیس پہنچے۔

مزید پڑھیں: پیمرا نے قانون کی 'خلاف ورزی' پر چینل '24 نیوز' کا لائسنس معطل کردیا

ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ میسرز سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ(24 نیوز) نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 10محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران نفرت انگیز مواد بغیر کسی ایڈیٹوریل کنٹرول کے نشر کیا۔

پیمرا نے معاملے کو قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے 24نیوز کا لائسنس پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 30(3) کے تحت فوری طور پر معطل کردیا ہے کیونکہ نشر کیے گئے مواد سے ملک میں نقص امن کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ 24نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 14روز میں جواب بھی طلب کیا گیا ہے اور انہیں ذاتی شنوائی کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے لیکن کارروائی کی تکمیل تک چینل کا لائسنس معطل رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: لائسنس کے مطابق مواد نہ دکھانے پر پیمرا نے 'نیو ٹی وی' کا لائسنس معطل کردیا

یہ پہلا موقع نہیں کہ پیمرا نے چینل24 کا لائسنس معطل کیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی قوانین کی خلاف ورزی پر ادارے کو پیمرا کی جانب سے کارروائی اور معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

گزشتہ ماہ تین جولائی کو قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر چینل '24 نیوز' کا لائسنس معطل کردیا گیا تھا۔

پیمرا نے لائسنس اس لیے معطل کیا تھا کیونکہ ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانے کی مجاز تھی، تاہم اس نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر '24 نیوز' کے نام سے نیوز اور حالات حاضرہ پر مبنی مواد نشر کر رہی تھی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی تنخواہ میں اضافے کی جعلی خبر پر نیو ٹی وی کو 10 لاکھ روپے جرمانہ

یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال 7 مئی کو پیمرا نے تنبیہ کے باوجود غیرقانونی نیوز و کرنٹ افیئرز پروگرام نشر کرنے پر نیو ٹی وی کے لائسنس کو فی الفور معطل کردیا تھا۔

30 اپریل کو پیمرا نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر نیو ٹی وی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024