• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں مزید 255 افراد کورونا وائرس سے متاثر، 403 صحتیاب

شائع August 29, 2020 اپ ڈیٹ September 9, 2020
ماہرین نے اب بھی خبردار کیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عمل نہ کرنے سے یہ وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ماہرین نے اب بھی خبردار کیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عمل نہ کرنے سے یہ وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بڑی حد تک قابو میں آچکی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے باعث ایک مریض انتقال کرگیا۔

اب تک ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 418 ہوگئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 80 ہزار 340 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 284 انتقال کر گئے ہیں۔

ملک میں 29 اگست کو کورونا وائرس کے 255 نئے مریض سامنے آئے اور ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی جبکہ 403 مریض صحتیاب ہوگئے۔

پاکستان میں اس عالمی وبا کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور اس دوران ملک اس وبا کے مختلف مراحل دیکھ چکا ہے اور اب صورتحال بہتر ہورہی ہے لیکن ماہرین نے اب بھی خبردار کیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل نہ کرنے سے یہ وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے۔

ملک میں اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا ملک بھر میں پھیل گئی تھی۔

فروری سے مارچ کے آخر تک ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہوا اور مئی میں یہ کافی حد تک بڑھ گئے۔

تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس نے پوری صورتحال کو ہی تبدیل کردیا اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کر گئی تھیں جس کے باعث ہسپتالوں میں دباؤ بڑھ گیا۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور اب اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن کے قریب آگئی ہیں۔

آج 28 اگست کو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں63 مریضوں کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں رپورٹ ہونے والے ان 63 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 96 ہزار 699 ہوگئی۔

سندھ

سندھ میں گزشتہ روز مزید 98 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض کا انتقال ہوگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 98 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 179 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب مزید ایک مریض کے انتقال سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 395 ہوگئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 19 افراد کو متاثر کردیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت میں 19 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 15 ہزار 597 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 46 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 17 ہوگئی۔

صوبے کو ہفتہ کو کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی اور مجموعی اموات کی تعداد 1250 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں پہلے کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 832 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 13 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں نئے کیسز کی تعداد 13 رہی اور یوں مجموعی کیسز 2 ہزار 2290 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی 403 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے ان مریضوں کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 340 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا تقریباً 95 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 295388

اموات: 6284

صحتیاب: 280340

فعال کیسز: 8764

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 179 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 699 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 17 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 804 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 597، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 832 اور کشمیر میں 2 ہزار 290 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال سندھ: 2395

پنجاب: 2195

خیبرپختونخوا: 1250

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 67

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024