ملک میں کورونا وائرس کے 270 نئے مریض سامنے آگئے، 2 اموات کی تصدیق
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 163 ہوگئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 79 ہزار 937 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 283 انتقال کرگئے ہیں۔
ملک میں 28 اگست کو کورونا وائرس کے 270 نئے مریض آئے جبکہ 2 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 204 کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئی تھیں، مزید یہ کہ بلوچستان کے بھی گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج رپورٹ ہوئے جس کے مطابق 21 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
علاوہ ازیں سندھ اور بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے بعد وہاں بالترتیب کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 81 اور 12 ہزار 742 ہوگئی۔
پاکستان میں اس عالمی وبا کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور اس دوران ملک اس وبا کے مختلف مراحل دیکھ چکا ہے اور اب صورتحال بہتر ہورہی ہے لیکن ماہرین نے اب بھی خبردار کیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل نہ کرنے سے یہ وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے۔
ملک میں اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا ملک بھر میں پھیل گئی تھی۔
فروری سے مارچ کے آخر تک ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہوا اور مئی میں یہ کافی حد تک بڑھ گئے۔
تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس نے پوری صورتحال کو ہی تبدیل کردیا اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں جبکہ ہسپتالوں میں دباؤ بڑھ گیا۔
بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور اب اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن کے قریب آگئی ہیں۔
آج 28 اگست کو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 96 مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں رپورٹ ہونے والے ان 96 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 96 ہزار 636 ہوگئی۔
اس کے علاوہ وہاں 2 اموات کے رپورٹ ہونے سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 195 تک جاپہنچی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 48 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 971 ہوگئی۔
صوبے میں جمعہ کو وائرس سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی اور مجموعی اموات کی تعداد 1250 پر برقرار ہے۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ میں وبا کے مزید 62 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 804 ہوگئی۔
صوبے میں وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں بلوچستان میں اموات 141 پر برقرار ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 16 افراد کو متاثر کردیا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت میں 16 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 15 ہزار 578 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 43 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 816 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
پاکستان کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 5 افراد کو متاثر کرگیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں نئے کیسز کی تعداد 5 رہی اور یوں مجموعی کیسز 2 ہزار 277 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی 376 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے ان مریضوں کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 937 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا تقریباً 95 فیصد ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 295163
اموات: 6283
صحتیاب: 279937
فعال کیسز: 8943
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 81 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 636 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 971 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 804 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 578، آزاد، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 816 اور کشمیر میں 2 ہزار 277 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال
سندھ: 2394
پنجاب: 2195
خیبرپختونخوا: 1250
بلوچستان: 141
اسلام آباد: 175
آزاد کشمیر: 61
گلگت بلتستان: 67