وفاق اور صوبائی حکومتیں کراچی کے لوگوں کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعاون کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور املاک کے نقصان پر انتہائی معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تعاون کرنا چاہیے اور مشکلات کا شکار لوگوں کی آسانیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں، اللہ آپ سب کو محفوظ رکھے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی میں غیر معمولی بارشوں نے پاکستان کے معاشی حب میں معمولات زندگی کو معطل کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں اور دعائیں کراچی کے عوام اور ہر فرد کے ساتھ ہیں جو فرائض انجام دیتے ہوئے ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کررہا ہے۔
مریم نواز نے کراچی کی حفاظت کی دعا کی اور لکھا کہ میرا دل کراچی کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں سال مون سون سیزن نے تباہی پھیلادی ہے اور آج (27 اگست کو) کراچی سمیت دیگر اضلاع میں طوفانی بارش کے نئے اسپیل کے نتیجے میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کا 89 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جانی و مالی نقصانات
کراچی میں صبح سے ہی صدر، ملیر، ڈیفنس، بلدیہ ٹاؤن، پی ای ایس ایچ، اسکیم 33، کلفٹن، شارع فیصل، لانڈھی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ماڈل کالونی، گارڈن، کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رہا۔
بارش کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہیں، علاقے اور کاروباری مراکز زیر آب آگئے جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
اکثر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر رکھے کنٹینرز بھی برساتی پانی میں بہتے ہوئے نظر آئے۔
مزید یہ کہ شہر میں سیلابی صورتحال کے باعث مختلف انڈر پاسز میں بھی پانی بھر گیا۔
کراچی میں آج سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل بیس پر ہوئی جہاں 223.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 193.1 ملی میٹر بارش ہوئی۔
مزید پڑھیں: شدید بارشوں کے سبب سندھ میں جمعہ کو چھٹی کا اعلان
اس کے علاوہ کیماڑی میں 167.5 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 166.6ملی میٹر، ناظم آباد میں 159.1ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس پر 148.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں لانڈھی کے علاقے میں 121ملی میٹر، اولڈ ایریا ایئرپورٹ میں 109.9، جناح ٹرمینل پر 104.2 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن 101.7ملی میٹر، یوینورسٹی روڈ پر 68.2 ملی میٹر اور گلشن حدید میں 49ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ہے جبکہ صوبے بھر میں کل بروز جمعے کو چھٹی کا بھی اعلان کردیا ہے۔