• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی میں سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل کے مستقل حل کیلئے منصوبے کا اعلان کریں گے، وزیراعظم

شائع August 27, 2020
صوبے بھر میں کل بروز جمعے کو چھٹی کا اعلان کردیا گیا —فوٹو: عمران خان فیس بک پیج
صوبے بھر میں کل بروز جمعے کو چھٹی کا اعلان کردیا گیا —فوٹو: عمران خان فیس بک پیج

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل کے مستقل حل کیلئے منصوبے کا اعلان کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ شدید بارشوں کے تناظر میں میری حکومت عوام خصوصاً کراچی کے لوگوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہون نے کہا کہ میں امدادی کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں اور صورتحال سے باقاعدہ طور پر باخبر رہنے کے لیے نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے مستقل رابطے میں ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایات دی ہیں کہ پانی میں پھنسے لوگوں کو صرف بچانے پر ہی اکتفا نہ کریں بلکہ فوری طور پر ضرورت مند افراد کے لیے ہنگامی طبی امداد، خوراک اور پناہ گاہ بھی فراہم کریں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں مسلسل کئی گھنٹوں تک طوفانی بارش، متعدد علاقے زیر آب، 5 افراد جاں بحق

عمران خان نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی میں نے انہیں بنیادی سہولیات کی فوری بحالی یقینی بنانےکا بھی حکم دے دیا۔

ٹوئٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل کے مستقل حل کے لیے نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی اصلاح اور کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی جیسے بڑے چیلنج پر قابو پانے کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ میں بحران کے اس وقت میں کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑوں گا۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں سال مون سون سیزن نے تباہی پھیلادی ہے اور آج (27 اگست کو) کراچی سمیت دیگر اضلاع میں طوفانی بارش کے نئے اسپیل کے نتیجے میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کا 89 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جانی و مالی نقصانات

کراچی میں صبح سے ہی صدر، ملیر، ڈیفنس، بلدیہ ٹاؤن، پی ای ایس ایچ، اسکیم 33، کلفٹن، شارع فیصل، لانڈھی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ماڈل کالونی، گارڈن، کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رہا۔

بارش کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہیں، علاقے اور کاروباری مراکز زیر آب آگئے جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

اکثر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر رکھے کنٹینرز بھی برساتی پانی میں بہتے ہوئے نظر آئے۔

مزید یہ کہ شہر میں سیلابی صورتحال کے باعث مختلف انڈر پاسز میں بھی پانی بھر گیا۔

کراچی میں آج سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل بیس پر ہوئی جہاں 223.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 193.1 ملی میٹر بارش ہوئی۔

مزید پڑھیں: شدید بارشوں کے سبب سندھ میں جمعہ کو چھٹی کا اعلان

اس کے علاوہ کیماڑی میں 167.5 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 166.6ملی میٹر، ناظم آباد میں 159.1ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس پر 148.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں لانڈھی کے علاقے میں 121ملی میٹر، اولڈ ایریا ایئرپورٹ میں 109.9، جناح ٹرمینل پر 104.2 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن 101.7ملی میٹر، یوینورسٹی روڈ پر 68.2 ملی میٹر اور گلشن حدید میں 49ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ہے جبکہ صوبے بھر میں کل بروز جمعے کو چھٹی کا بھی اعلان کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024