• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

'کراچی میں بارش، نااہلی کی سطح سے براہ راست متناسب ہے'

شائع August 27, 2020
شوبز سے وابستہ شخصیات نے بارشوں سے تباہ حال شہرِ قائد کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا —فوٹوز: اسکرین شاٹ
شوبز سے وابستہ شخصیات نے بارشوں سے تباہ حال شہرِ قائد کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا —فوٹوز: اسکرین شاٹ

کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں برس مون سیزن تباہ کن ثابت ہوا ہے ا آج (جمعرات کی) صبح سے شہر قائد میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے پریشان حال شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

کئی گھنٹوں تک مسلسل بارش کے نتیجے میں شہر کی مرکزی شاہراہیں، علاقے، کاروباری مراکز زیر آب آگئے جبکہ بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے۔

آج صبح ہی سے صدر، ملیر، ڈیفنس، بلدیہ ٹاؤن، پی ای ایس ایچ ایس، اسکیم 33، کلفٹن، شاہراہ فیصل، لانڈھی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ماڈل کالونی، گارڈن، کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارش نے تباہ پھیلادی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں مسلسل کئی گھنٹوں سے طوفانی بارش، متعدد علاقے زیر آب، شاہراہیں ڈوب گئیں

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تیز بارش کے باعث کراچی میں پیدا ہونے والی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ہے تو وہیں شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ اُشنا شاہ نے طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں اشنا شاہ نے لکھا کہ بارش کی آواز سے جاگنا مجھے خوشی دیتا تھا لیکن کراچی میں قیام کے بعد مون سون سیزن میں میرا دل ڈوبتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ دعا ہے سبھی سلامت رہیں، ان کی صحت اور املاک محفوظ رہیں۔

اداکار فیصل قریشی نے بھی شہریوں کو خیال رکھنے کی ہدایت کی اور لکھا کہ آج (27 اگست کو) کو شدید بارش ہورہی ہے، حب ڈیم بھی پہلے ہی بھر چکا ہے لہٰذا خاص خیال رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال

فیصل قریشی نے لکھا کہ اس بارش کو تفریح کے طور پر مت لیں، کراچی اس سے نمٹنے کے قابل نہیں ہے، محفوظ رہیں اور اپنے اردگرد موجود افراد کا خیال رکھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ پاک سب کو اپنی امان میں رکھے آمین۔

اداکار یاسر حسین نے بارشوں کے نتیجے میں شہر کی حالت زار پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ کراچی ڈوب رہا ہے اور ذمے دار لوگ ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں، کراچی کی باگ ڈور کسی ایک کے ہاتھ میں ہونی چاہیے جس سے سوال کیا جاسکے۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

انہوں نے مزید لکھا کہ یہ شرمناک ہے، جن کے گھروں میں پانی بھر گیا ہے خدا کرے ان کی آہ سے اعلیٰ عہدیداران کے محل بہہ جائیں۔

دوسری جانب اداکار اعجاز اسلم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بارش کی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی شہریوں کو محفوظ رہنے کی تاکید بھی کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ایک مرتبہ پھر کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ کراچی سے آنے والی فوٹیجز پر یقین نہیں کرسکتی کہ بائے پاس پانی سے بھرے ہیں، شپ کنٹینرز اور گاڑیاں ہائی ویز پر تیر رہی ہیں، بیک یارڈز پولز اور سڑکیں دریابن گئی ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ شہر جس کے پاس پانی نہیں ہے آج وہ پانی کے نیچے ہیں، میری دعائیں کراچی کے ساتھ ہیں۔

آر جے اور اداکار علی سفینہ نے طنزیہ ٹوئٹ میں لکھا کہ ماشااللہ کراچی میں بارش، نااہلی کی سطح سے براہ راست متناسب ہے۔

فیشن ڈیزائنر عاصم جوفا نے بھی شہر میں سیلابی صورتحال سے متعلق مختلف ویڈیوز پوسٹ کیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ یہ خیابان سحر ڈی ایچ اے(ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی) ہے، پورا کراچی ان بارشوں سے متاثر ہوگیا ہے۔

عاصم جوفا نے مزید لکھا کہ اگر ہمارا انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کا نظام، منصوبہ بندی کے ساتھ بنایا گیا ہوتا تو بہت سی چیزوں کو بچایا جاسکتا تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے امید کی کہ مستقبل میں اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے پانی میں ڈوبے انڈر پاس کی ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ اربن فلڈنگ کے دوران شہری محفوظ رہیں۔

اداکار، میزبان اور گلوکار فخر عالم نے بھی بارش کے دوران کراچی کے شہریوں کے لیے دعا کی۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ میرے خیال سے اب نکاسی آب کے ناقص نظام کے ذمہ دار کون ہے کا ڈائیلاگ ہم آئندہ سالوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے کیسے نمٹیں گے سے تبدیل ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ریکارڈ بارش سے کراچی سمیت سندھ بھر میں سیلابی صورتحال، 7 افراد جاں بحق

ساتھ ہی ٖفخر عالم نے لکھا کہ لیکن یقینی طور پر وہ لوگ جو نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے میں ناکام ہوگئے ان کی موسمیاتی پالیسی پر اعتبار نہیں کیاجاسکتا۔

علاوہ ازیں اداکار فہد مرزا نے بھی کراچی میں بارش کے دوران اپنے گھر کے باہر تالاب کا منظر پیش کرتی سڑک کی ویڈیو پوسٹ کی۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکار و ماڈل نازش جہانگیر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ بارش ہر کسی کے لیے رحمت کا باعث نہیں۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ عائزہ خان نے ضرورت سے بارشوں کے دوران پڑھی جانے والی دعائیں شیئر کیں اور لکھا کہ ’یا اللہ ہم پر رحم فرما'۔

اداکارہ ارمینہ خان نے ٹوئٹ میں لکھا کہ کراچی سے موصول ہونے والی تصویریں اور ویڈیوز دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ' متعدد شہری اپنے گھروں اور سامان سے محروم ہوگئے یا ہوں گے، میں تمام متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔

اداکار منیب بٹ نے اپنے ٹوئٹ میں شہر کی صورتحال پر تنقید کی اور لکھا کہ . ہمارے پاس شہر مینڈیٹ ضرور ہے مگر اٹھارویں ترمیم کے بعد شہر کے انتظامات صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024