• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

پی ٹی آئی کی ’انتقامی پالیسی‘ کے پیچھے فوج نہیں ہے، احسن اقبال

شائع August 27, 2020
احسن اقبال نے کہا کہ فوج اور دیگر قومی ادارے غیر سیاسی ہیں اور وہ سیاست سے دور رہتے ہیں—تصویر: فیس بک
احسن اقبال نے کہا کہ فوج اور دیگر قومی ادارے غیر سیاسی ہیں اور وہ سیاست سے دور رہتے ہیں—تصویر: فیس بک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان پر ’قومی اداروں‘ کو سیاست میں گھسیٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ان کی جماعت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کی پالیسی کے پیچھے فوج نہیں ہے۔

احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ سے متعلق کیس میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ ہماری فوج اور فوجی قیادت کا حکومت کے (سیاسی مخالفین سے) انتقام لینے کے اقدام سے کوئی لینا دینا نہیں کیوں کہ فوج اور (دیگر) قومی ادارے غیر سیاسی ہیں اور وہ سیاست سے دور رہتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ’حکومت یہ تاثر دے رہی ہے کہ قومی ادارے اس کی انتقامی پالیسی میں شریک ہیں جو قومی سلامتی کے لیے اچھا نہیں اور میں اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کی کوششیں سبوتاژ کر رہی ہے، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بارہا دعویٰ کرتی ہے وہ اور فوجی قیادت ایک صفحے پر ہے ’اور یہ تاثر دے رہی ہے کہ ہمارے قومی ادارے حکومت کے کالے کرتوتوں میں اور جو کچھ وہ کررہی ہے اس میں قومی ادارے ان کے ہاتھوں میں ہے اور یہ (قومی اداروں) کی خواہش پر ہورہا ہے۔

احسن اقبال نے امید ظاہر کی کہ ’فوجی قیادت حکومت کی جانب سے انہیں اپنے ظالمانہ اقدامات میں ملوث کرنے کا نوٹس لیں‘۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر لانے کے لیے اپوزیشن نے خلوص نیت کے ساتھ ایف اے ٹی ایف سے متعلق تمام بلز منظور کروانے کے لیے تعاون کیا لیکن وہ حکومت کو ایف اے ٹی ایف کا نام استعمال کر کے ملک پر کالا قانون نافذ کرنے کی اجازت نہہیں دے سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ایف اے ٹی ایف کے نام پر پاکستان کو فاشسٹ ریاست نہیں بننے دیں گے، ہم عمران خان کو ایف اے ٹی ایف کا نام استعمال کر کے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی سے منظور شدہ انسداد منی لانڈرنگ سمیت دو بل سینیٹ میں مسترد

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے سینیٹ میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز کو شکست نہیں دی بلکہ حکومت کی سوچ کو دی ہے اور جس کے ذریعے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں پہنچانا چاہتی تھی اس قانون سازی کو بلڈوز کیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے فوجی آمر پرویز مشرف کا سامنا کیا تھا اور وہ عمران خان کی مبینہ انتقامی پالیسی سے متاثر نہیں ہوگی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں دھڑے بندی کرنے کے تجربوں مثلاً کنوینشن مسلم لیگ اور پی ایم ایل کیو بنانے کی طرح ’پی ٹی آئی حکومت کا تجربہ بھی ناکام ہوگا‘۔

مسلم لیگ (ن) نیب قانون میں غیر حقیقی تبدیلیاں چاہتی ہے, پی ٹی آئی

احسن اقبال کے بیان کے جواب میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہا کہ کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والا شخص کس طرح ایسے بات کرسکتا ہے اور دوسروں پر الزامات لگا سکتا ہے۔

ایک بیان میں عامر محمود کیانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نیب قوانین میں غیر حقیقی تبدیلیوں کی تجویز دے کر تحریی طور پر این آر او مانگا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے الزام لگایا کہ اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ میں ایف اے ٹی ایف قانون سازی کو روکنے کا بنیادی مقصد حکومت کے ساتھ اپنی کرپشن کو بچانے کے لیے ڈیل کرنا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Raees Ahmad Aug 27, 2020 01:00pm
Amazing

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024