ساڑھے 4 ارب روپے کی پینٹنگ خراب کرنے والے شخص کو جیل بھیج دیا گیا
برطانوی ریاست انگلینڈ کی ایک عدالت نے شہرہ آفاق مصور و پینٹر پابلو پکاسو کی نایاب پینٹنگ کو مکے مارکر پھاڑنے اور خراب کرنے والے ملزم کو جیل بھیج دیا۔
برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق لندن کی ایک عدالت نے شکیل میسے نامی ملزم کو اعتراف جرم کے بعد 18 ماہ جیل کی سزا سنادی۔
ملزم نے گزشتہ برس دسمبر میں لندن میں واقع میوزیم ٹیٹ کی دیوار پر نصب تاریخی اور مشہور پینٹنگ (بسٹ آف اے وومن) کو مکے مارکر پھاڑا اور پھر اس کے کچھ ٹکڑے زمین پر گرادیے تھے۔
پولیس نے واقع ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے ان کے خلاف فوجداری مقدمات کے تحت کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
ابتدائی طور پر ملزم نے پولیس کو بتایا تھا کہ پنٹنگ کو مکے مارنے اور پھاڑنے کا عمل ان کی اداکاری کا حصہ ہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔
دوران سماعت عدالت نے ملزم کے پینٹنگ پھاڑنے کے عمل کو سستی شہرت قرار دیتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔
ملزم نے اسپینش مصور کی جس نایاب پینٹنگ (بسٹ آف اے وومن) کو نقصان پہنچایا تھا، اسے مصور نے 1944 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جنگ عظیم دوئم کے دوران بنایا تھا۔
مذکورہ پینٹنگ کو محفوظ رکھنے والے لندن کے میوزیم کے مطابق جس تصویر کو ملزم نے نقصان پہنچایا، اس کی مالیت 2 کروڑ پاؤنڈ، 2 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر اور پاکستانی تقریبا ساڑھے 4 ارب روپے تھی۔
مذکورہ پینٹنگ ایک نجی خاندان کی ملکیت تھی اور اب اس کی بحالی پر سوا چار لاکھ امریکی ڈالر اور پاکستانی 7 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔
لندن کے میوزیم کے مطابق پابلو پکاسو کی جس پینٹنگ کو نقصان پہنچایا گیا اس میں مصور نے اپنی محبوبا مصورہ و فوٹوگرافر ڈورا مار کو پیش کیا تھا۔
(بسٹ آف اے وومن) نامی پینٹنگ میں ایک خاتون کی چھاتی دکھائی گئی ہے اور اسے مختلف رنگوں کے امتزاج کا لباس پہنایا گیا ہے۔
مصوری کے ماہرین کے مطابق پابلو پکاسو نے مذکورہ پینٹنگ اپنی محبوبا ڈورا مار سے اختلافات سے ایک سال قبل بنائی تھی۔
ڈورا مار اور پابلو پکاسو کے درمیان 1935 سے 1945 تک تعلقات رہے اور اس دوران مصور کی جانب سے بنائی گئی متعدد پینٹنگز میں ان کے معاشقے کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔
پابلو پکاسو کی زندگی میں ڈورا مار کے بعد بھی خواتین آئیں اور ان سے قبل بھی مصور کی زندگی میں خواتین کا عمل دخل رہا اور کئی تاریخ دانوں کے مطابق ان کی مصوری اسی لیے شاہکار تھی کہ ان میں صنف نازک کی جھلک دکھائی دیتی تھی۔
پابلو پکاسو کی پیدائش 1881 میں اسپین کے چھوٹے سے قصبے میں ہوئی اور انہوں نے جوانی بارسلونا میں گزاری، بعد ازاں وہ فرانس چلے گئے اور نازی دور میں انہوں نے شاہکار تخلیقیں بنائیں۔
پابلو پکاسو 1973 میں 92 سال کی عمر میں چل بسے، ان کی محبوبا ڈورا مار 1997 میں 89 سال کی عمر میں چل بسی تھیں۔