• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے 6 ماہ، تقریباً 95 فیصد مریض صحتیاب

شائع August 26, 2020 اپ ڈیٹ August 27, 2020
پاکستان میں کورونا کے سبب عائد پابندیاں بڑی حد تک ختم ہوگئی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کے سبب عائد پابندیاں بڑی حد تک ختم ہوگئی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم ماہرین اب بھی خبردار کر رہے ہیں کہ خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا اور ذرا سی لاپرواہی اس وبا کی دوسری لہر کا باعث بن سکتی ہے۔

ملک میں اگرچہ اس وائرس کو 6 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے جہاں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 513 ہے جس میں سے 2 لاکھ 78 ہزار 939 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ 6 ہزار 272 لوگ جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

آج (26 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 443 نئے کیسز آئے جبکہ 104 کیسز گزشتہ روز کے بلوچستان کے آج رپورٹ ہوئے، یوں مجموعی طور پر آج ابھی تک 547 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 5 افراد انتقال بھی کر گئے۔

اس عالمی وبا کے باعث جہاں دنیا بھر میں کروڑوں لوگ متاثر اور لاکھوں ہلاک ہوئے ہیں وہی پاکستان میں اس کی صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں قدر بہتر ہے۔

یہ وائرس خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں دیر سے آیا تاہم یہاں اس پر اب کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور تقریباً 95 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے ہیں لیکن ماہرین کے مطابق خطرہ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔

اگر ملک میں ان 6 ماہ کی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں پھیل گیا۔

فروری سے لے کر مارچ کے اختتام تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کافی کم تھی جو اپریل کے مہینے میں بڑھنا شروع ہوئی۔

جس کے بعد مئی میں کیسز بڑی حد تک بڑھ گئے تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس نے ساری صورتحال کو ہی تبدیل کرکے رکھ دیا۔

ماہ جون میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 6 ہزار جبکہ اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگی جو ایک تشویشناک صورتحال تھی جبکہ ملک میں ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

تاہم جولائی کے مہینے میں صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوئی اور یومیہ کیسز کی تعداد کم ہوئی جس کے بعد اگست کا مہینہ ایسا تھا جہاں یومیہ کیسز ہزاروں سے کم ہوکر سیکڑوں اور اموات درجنوں میں آگئی۔

آج (26 اگست) کو وائرس ملک میں نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 201 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 877 ہوگئی۔

انہوں نے مزید 4 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں وبا سے اموات کی تعداد 2388 ہوگئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 75 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے مریضوں کی تعداد 75 تھی، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 96 ہزار 466 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات 2 ہزار 193 ہوگئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 15 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 15 ہزار 546 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 62 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 893 ہوگئی۔

صوبے میں بدھ کو بھی وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا تاہم اموات میں وسط اگست سے ایک ہلاکت کا اضافہ ہوا۔

اس اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں وبا سے اموات کی تعداد 1249 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے مزید 57 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 721 ہوگئی۔

صوبے میں بدھ کو بھی وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی، یوں بلوچستان میں اموات 141 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں کورونا وائرس کے کم متاثر علاقے میں سے ایک گلگت بلتستان میں 25 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 25 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 745 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں وائرس مزید 8 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 8 نئے کیسز نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 265 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں اب تک تقریباً 95 فیصد مریض شفا پاچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان میں 514 کا اضافہ ہوا۔

یوں اب تک ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 939 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 294513

اموات: 6272

صحتیاب: 278939

فعال کیسز: 9302

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 877 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 466 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 893 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 721 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 546، آزاد، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 745 اور کشمیر میں 2 ہزار 265 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال

سندھ: 2388

پنجاب: 2193

خیبرپختونخوا: 1249

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 65

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024