• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اینڈرسن کا نیا عالمی ریکارڈ، 600 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے

شائع August 25, 2020 اپ ڈیٹ August 26, 2020
جیمز اینڈرسن نے اظہر علی کو آؤٹ کر کے 600 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا — فوٹو: رائٹرز
جیمز اینڈرسن نے اظہر علی کو آؤٹ کر کے 600 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا — فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرس ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھیمپٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوا تو جیمز اینڈرسن کو 600 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے مزید 7 شکار درکار تھے۔

مزید پڑھیں: ساؤت ہیمپٹن ٹیسٹ کے پانچویں دن کا کھیل بارش سے متاثر

انگلش فاسٹ باؤلر نے پاکستان کی پہلی اننگز میں دباؤ کا شکار مہمان بلے بازوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور عمدہ باؤلنگ کی بدولت اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے پاکستان کو فالو آن کرایا تو اینڈرسن نے عابد علی کو آؤٹ کر کے 600 وکٹوں کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے فاصلہ مزید کم کر لیا۔

البتہ اینڈرسن کو ایک وکٹ کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا کیونکہ دن کے اختتام کے بعد اگلے دن بارش اور گیلے میدان کے سبب کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔

کھیل شروع ہونے کے بعد مایہ ناز فاسٹ باؤلر کو وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی اور انہوں نے پاکستان کے کپتان اظہر علی کو آؤٹ کر کے 600 وکٹوں کا سنگ میل عبور کر لیا۔

جیمز اینڈرسن 600 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ باؤلر اور مجموعی طور پر یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے باؤلر ہیں۔

اس سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر آسٹریلیا کے گلین میک گرا تھے جنہوں نے 124 ٹیسٹ میچوں میں 563 وکٹیں لی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کئی ماہ بعد مقبول ترین ریسلر کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں دھماکے دار واپسی

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز عظیم سری لنکن اسپنر متیاہ مرلی دھرن کے پاس ہے جنہوں نے 133 ٹیسٹ میچوں میں 800 وکٹیں حاصل کیں۔

اس فہرست میں اسپنرز شین وارن اور انیل کمبلے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے بالترتیب 708 اور 619 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر کا اعزاز بھی جیمز اینڈرسن کے پاس ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024