بارش کے موسم میں سوجی سے بنے لذیذ پوڑے کھائیں
ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور برسات کا یہ خوشگوار موسم مزیدار کھانوں کے بغیر ادھورا معلوم ہوتا ہے۔
برسات کے موسم میں لوگ عموماً کوئی نہ کوئی پکوان تو لازمی بناتے ہیں اور پکوڑے، سموسے، کچوریوں سمیت مزے مزے کے کھانے کھاتے ہیں۔
لیکن ہر بار ایک جیسے پکوان کھا کھا کر یقیناً ہر کوئی چاہتا ہوگا کہ بارش کے موسم میں کوئی نئی ڈش کھائی جائے۔
اسی لیے اس بارش میں سوجی سے بنے پوڑے بنائیں اور موسم کا لطف اٹھائیں۔
اجزا
(3 سے 4 افراد کے لیے)
سوجی 250 گرام
دہی ایک پاؤ
انڈے 3 عدد
پسی چینی ڈیڑھ کپ
چھوٹی الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ
گھی یا تیل (فرائی کرنے کے لیے)
ترکیب
تمام اجزا کو ایک باؤل میں ڈال کر پھینٹ لیں اور ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
سوجی پھولنے کے بعد نان اسٹک فرائی پین میں تھوڑا سا تیل یا گھی ڈالیں۔
سرونگ اسپون(باؤل کا چمچ) سے آمیزہ فرائنگ پین میں پھیلا دیں۔
جب آمیزہ گولڈن براؤن ہونے لگے تو پلٹ دیں۔
دونوں طرف سے گولڈن براؤن ہو جائے تو اسے اتار لیں۔
لذیذ پوڑے گرما گرم چائے کے ساتھ پیش کریں۔