موٹرولا کا بہترین فیچرز سے لیس 'سستا' اسمارٹ فون موٹو جی 9 متعارف
موٹرولا نے اپنی مقبول موٹو جی سیریز کا ایک اور بہترین فیچرز سے لیس 'سستا' اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے۔
موٹو جی 9 میں بڑی بیٹری اور ڈسپلے کے ساتھ بیک پر 3 کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ گوگل اسسٹنٹ کے لیے ایک بٹن مختص کیا گیا ہے۔
اس فون میں 6.5 انچ کی ایل سی ڈی ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دی گئی ہے، جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 8 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔
موٹو جی 9 میں اسنیپ ڈراگون 662 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون میں آڈیو جیک کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ 5000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری 20 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
دیگر دونوں کیمرے، 2، دو میگا پکسل کے ہیں جن میں سے ایک پورٹریٹ شاٹس میں مدد دیتا ہے جبکہ دوسرا کلوز اپس کے لیے ہے۔
یہ فون آئندہ ہفتے سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کی قیمت 155 ڈالرز (26 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
دیگر ممالک میں یہ کب تک دستیاب ہوگا، اس حوالے سے فی الحال کمپنی نے کچھ نہیں بتایا ہے۔