• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

وبا کے باوجود متعدد ممالک کے سینما کھل گئے، فلم ’ٹینیٹ‘ ریلیز

شائع August 24, 2020
فلم نے ریلیز ہوتے ہی اچھی کمائی کرلی—اسکرین شاٹ
فلم نے ریلیز ہوتے ہی اچھی کمائی کرلی—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ پروڈکشن ہاؤس وارنرز بردارز نے گزشتہ ماہ جولائی کے آخر میں ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اگست کے آخری ہفتے کے آغاز میں اپنی ایکشن تھرلر فلم ’ٹینیٹ‘ ریلیز کرے گا۔

وارنر بردارز نے اعلان کیا تھا کہ ’ٹینیٹ‘ کو 26 اگست سے دنیا بھر میں ریلیز کرنا شروع کردیا جائے گا اور اب مذکورہ فلم کو جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ’ٹینیٹ‘ نے ریلیز کے ابتدائی دو دن میں کورونا کے باوجود اچھی کمائی کی اور کئی ماہ کے بعد سینما کھلنے کے بعد لوگوں نے خوشی خوشی سینما ہاؤسز کا رخ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ’ٹینیٹ‘ کی نمائش کے موقع پر ملک کے مختلف ممالک میں جہاں سینما ہاؤسز کھولے گئے ہیں، وہیں سخت احتیاطی تدابیر پر بھی اختیار کی جا رہی ہیں۔

’ٹینیٹ‘ کو پروڈیوس کرنے والے پروڈکشن ہاؤس وارنر برادرز کے مطابق آنے والے کچھ دنوں میں ’ٹینیٹ‘ کو مزید 70 کے قریب ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔

’ٹینیٹ‘ نے جہاں وبا کے باوجود اچھی کمائی کی، وہیں متعدد شوبز ویب سائٹس نے فلم کو اچھی ریٹنگ بھی دی۔

’ٹینیٹ‘ کی ریلیز کے حوالے سے شوبز ویب سائٹ ورائٹی نے بتایا کہ فلم نے سب سے اچھی کمائی جنوبی کوریا میں کی، جہاں فلم نے پہلے ہی دن ساڑھے 3 لاکھ ڈالر جب کہ دوسرے دن ساڑھے چار لاکھ ڈالر تک کمائے۔

اسی طرح ’ٹینیٹ‘ کی ریلیز کے بعد جنوبی کوریا کے سینما ہاؤسز میں لوگوں کا رش دیکھا جا رہا ہے اور سب سے زیادہ رش دارالحکومت سیول کے سینما ہالز میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وبا کا خوف ختم، ہولی وڈ فلم ’ٹینیٹ‘ کو 70 ممالک میں ریلیز کرنے کا اعلان

وارنر برادرز نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ فلم کو 26 اگست کو یورپی ممالک بیلجیئم، کروشیا، بلغاریہ، ڈینمارک، اسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، ہالینڈ، ہنگری، آئس لینڈ، اٹلی، لتھوانیا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، سربیا، برطانیہ، مصر، انڈونیشیا، ترکی اور جنوبی کوریا میں ریلیز کیا جائے گا۔

اگرچہ جنوبی کوریا میں فلم کی ریلیز کی تصدیق کی جا چکی ہے تاہم دیگر ممالک کے حوالے سے تاحال کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب رائٹرز نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ امریکا کی متعدد ریاستوں میں سینما ہاؤسز کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ اگست کے آخری ہفتے کے آغاز سے کھول دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق فلوریڈا، ٹکساس، نیو جرسی اور جارجیا سمیت دیگر ریاستوں کے مختلف شہروں میں سینما ہاؤسز کھول دیے گئے اور وہاں پہلی ہولی وڈ فلم (ان ہنگڈ) ریلیز کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارچ کے بعد پہلی بار امریکا کی مختلف ریاستوں میں سینما ہاؤسز کھولے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025