• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

پی آئی اے کا یورپی ممالک میں پروازوں کی بحالی کیلئے اپیل دائر کرنے کا امکان

شائع August 24, 2020
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے پاس اپیل دائر کرنے سے قبل پی آئی اے، ایوی ایشن ڈویژن میں ایک پریزنٹیشن دے گا۔ اے پی پی:فائل فوٹو
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے پاس اپیل دائر کرنے سے قبل پی آئی اے، ایوی ایشن ڈویژن میں ایک پریزنٹیشن دے گا۔ اے پی پی:فائل فوٹو

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی جانب سے یورپی یونین کے رکن ممالک کے فلائٹ آپریشن کی معطلی کے خلاف یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) کے پاس اپیل دائر کی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ، قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان کے 262 پائلٹس کے لائسنس ‘مشکوک’ ہونے کے انکشاف کے بعد یکم جولائی کو سامنے آیا تھا۔

ذرائع کے مطابق یہ اپیل پی آئی اے اور متعلقہ حکام نے تیار کرلی ہے اور اسے ای اے ایس اے میں داخل کرنے سے پہلے ایوی ایشن ڈویژن میں پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: یورپی ممالک کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی

ذرائع کا کہنا تھا کہ پائلٹس کے مشکوک لائسنس کا معاملہ سامنے آنے اور ای اے ایس اے کے یورپی یونین کے رکن ممالک کو پی آئی اے کی پروازوں کی اجازت معطل کرنے کے بعد ایجنسی نے پاکستانی حکام سے 11 نکات پر وضاحت طلب کی تھی جس میں سب سے اہم سیفٹی مینجمنٹ سسٹم (ایس ایم ایس) تھا۔

ای اے ایس اے نے یہ بھی سوال کیا تھا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی سی اے) کس طرح کام کررہی ہے، اس نے درخواست دینے والوں کو کس طرح کمرشل پائلٹ لائسنس جاری کیا اور امیدواروں نے اپنے امتحانات میں پیپرز کیسے حل کیے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ای اے ایس اے نے قومی ایئرلائنز کی جانب سے چلائے جانے والے طیاروں کی تعداد کے بارے میں اور ائیرلائن کے حفاظتی اقدامات کو برقرار رکھنے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی پوچھا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ای اے ایس اے کے سامنے دائر کی جانے والی اپیل میں گزشتہ 5 سالوں میں پاکستان میں طیاروں کے گرنے کے بڑے حادثوں اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکام کی جانب سے کیے گئے حفاظتی اقدامات کی بھی تفصیلات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کو عمانی فضائی حدود کی بندش کا بھی خطرہ

ای اے ایس اے نے پی آئی اے میں سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے جو دنیا کا بہترین نظام حاصل کررہا ہے۔

پی آئی اے اپنے بیڑے میں 8 سے 10 ہوائی جہاز شامل کرنے یا پرانے طیاروں کی جگہ بہتر اور نئے طیاروں سے تبدیل کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ای ایس اے کے پاس اپیل دائر کرنے سے قبل پی آئی اے، ایوی ایشن ڈویژن میں ایک پریزنٹیشن دے گا۔

پی آئی اے بین الاقوامی اداروں کی مشاورت سے ایک جامع کاروباری منصوبہ تیار کررہا ہے تاہم ایوی ایشن کی صنعت میں جاری بحران کی وجہ سے اسے عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جو کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے۔

خیال رہے کہ ای اے ایس اے نے یکم جولائی کو پی آئی اے کی پروازیں معطل کرنے سے قبل ایئر لائن کو اپنی رائے پیش کرنے کا کہا تھا جس پر پی آئی اے نے اپنی رائے فراہم کی تھی لیکن ای اے ایس اے نے اسے ناکافی قرار دے دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024