• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: ملک میں اپریل کے بعد پہلی بار ایک روز میں سب سے کم کیسز

ملک میں اب تک 2 لاکھ 76 ہزار 829 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں اب تک 2 لاکھ 76 ہزار 829 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑی حد تک سست ہوچکا ہے اور روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد کم جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں اب تک کورونا کے 2 لاکھ 93 ہزار 496 کیسز میں سے 2 لاکھ 76 ہزار 829 صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد فعال کیسز صرف 10 ہزار 417 رہ گئے ہیں۔

آج 24 اگست کو کورونا وائرس کے مزید 346 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 6 اموات سامنے آئیں، اس کے ساتھ 993 افراد صحتیاب بھی ہوگئے، اس کے علاوہ بلوچستان میں گزشتہ روز 20 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو رپورٹ ہوئے تھے جن کا تعلق کراچی اور گلگت بلتستان سے تھا۔

وبا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے مارچ کے مہینے میں مختلف پابندیوں کے علاوہ لاک ڈاؤن نافز کردیاگیا تھا تاہم معاشی صورتحال دگردوں ہونے کے خطرے کی وجہ سے مئی میں پابندیوں میں بتدریج نرمی کردی گئی تھی۔

چنانچہ جون کے مہینے میں یہ وائرس پاکستان میں اپنے عروج پر پہنچا اور یومیہ 6 ہزار کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگیں تاہم جولائی سے صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوگئی جس کا سلسلہ اگست میں بھی جاری ہے۔

آج 24 اگست کو ملک میں وبا کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 172 کیسز سامنے آگئے جس میں 76 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نئے کیسز کے بعد سندھ میں مجموعی طور پر کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ28 ہزار 456 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں کووِڈ19 کے مزید 6 مریض انتقال کر گئے اس طرح اموات کی تعداد 2 ہزار 373 تک جا پہنچی۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مزید 55 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد 96 ہزار 233 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا کے باعث کسی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور اب تک پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 188 ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 30 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 796 ہوگئی۔

صوبے میں مسلسل دوسرے روز وبا سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، لہٰذا یہاں اموات کی تعداد 1248 پر برقرار ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے مزید 33 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 560 ہوگئی۔

صوبے میں چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور مجموعی اموات کی تعداد 141 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز رپورٹ ہو ئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 22 نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 515 ہوچکی ہے۔

تاہم خوش قسمتی سے وبا سے مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی البتہ اب تک اسلام آباد میں کووڈ19 کے 175 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

چند روز سے گلگت بلتستان میں کورونا کیسز میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 کیس کی تصدیق ہوئی۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والے پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں اب تک 2 ہزار 682 افراد وبا کا شکار بن چکے ہیں۔

علاوہ ازیں اس خطے میں کووِڈ 19 سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 64 ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے خطے آزاد کشمیر میں مزید 9 افراد وبا کا شکار بنے۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے اعداد و شمار کی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 254 تک جا پہنچی ہے۔

تاکم خوش قسمتی سے مزید کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 61 ہی ہے۔

صحتیابی کی شرح

ملک میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد جہاں کم ہوئی ہے وہیں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

کووڈ19 کے سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 993 مریض شفایاب ہوئے۔

اس طرح اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 94 فیصد یعنی 2 لاکھ 76 ہزار 829 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 293496

اموات: 6250

صحتیاب: 276829

فعال کیسز: 10417

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 456 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 233 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 796 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 560 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 515، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 254 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 682 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال

سندھ: 2373

پنجاب: 2188

خیبرپختونخوا: 1248

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 64

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024