• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عظیم بلے باز ظہیر عباس آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

شائع August 23, 2020 اپ ڈیٹ August 29, 2020
ظہیرعباس کے ساتھ آسٹریلیا کی خاتون کرکٹر اور جنوبی افریقہ کے کیلس کو بھی شامل کیا گیا—فوٹو:آئی سی سی
ظہیرعباس کے ساتھ آسٹریلیا کی خاتون کرکٹر اور جنوبی افریقہ کے کیلس کو بھی شامل کیا گیا—فوٹو:آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی ٹیم کے سابق عظیم بلے باز ظہیر عباس کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے کرکٹر ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ظہیر عباس اور دیگر کھلاڑیوں کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان سوشل میڈیا چینل پر آن لائن ایک پروگرام کی نشریات میں کیا گیا۔

کرکٹ میں ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور 73 سالہ ظہیرعباس نے 1970 سے 1980 کے دوران نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ انگلش کاؤنٹی گلوسسٹر شائر کی جانب سے بھی کرکٹ کھیلی۔

مزید پڑھیں:مایہ ناز قومی فاسٹ باؤلر وقار یونس کیلئے بریڈمین ایوارڈ

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ 'آئی سی سی ہال آف فیم میں اب تک باقاعدہ نظام کے تحت 93 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جس کے لیے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے وہ کھلاڑی اہلیت رکھتے ہیں اور وہ کھلاڑی جنہوں نے اپنا آخری میچ 5 برس پہلے کھیلا ہو'۔

ظہیر عباس کے علاوہ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے عظیم آل راؤنڈر جیکس کیلس اور آسٹریلیا کو ورلڈ کپ دلانی والی آل راؤنڈر لیسا استھالیکر شامل ہیں۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ میں جاری بیان میں ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ 'فخر اور انتہائی خوشی' محسوس کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 'میں عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اس اعزاز پر پرجوش ہوں'۔

پاکستان کے سابق عظیم بلے باز وہ واحد کھلاڑی ہیں جہنوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بنائی اور آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے خاندان، اپنے ملک پاکستان، کاؤنٹی گلوسسٹرشائر اور دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد سے میں یہ اعزاز حاصل کرپایا اور اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا ہوا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں آئی سی سی اور جیوری کا بھی شکر گزار ہوں، یہ کسی بھی کرکٹر کی خدمات کا اعتراف ہے'۔

پاکستان کے لیے فخر کا موقع ہے، پی سی سی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے بیان میں ظہیر عباس کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے لیے فخر اور خوش کا موقع ہے کہ ان کی عظیم کامیابیوں کو کھیل کی گورننگ باڈی نے تسلیم کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے دنیا بھر میں موجود لاکھوں مداحوں کی جانب سے ظہیر عباس کو مبارک باد دیتا ہوں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ جنہوں نے ظہیر عباس کو کھیلتے ہوئے دیکھا تھا وہ اس بات پر اتفاق کریں گے کہ جب وہ بیٹنگ کرتے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ جیسے شاعری سر بکھیر رہی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ظہیر عباس نے پاکستان کرکٹ میں نہایت مثبت اثرات چھوڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈراوڈ اور پونٹنگ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اپنی شناخت بنائی تو نوجوان نسل میں کھیل کی طرف رغبت میں بھی اضافہ ہوا اور اس کے نتیجے میں ہمارے ہاں بین الاقوامی طرز کے چمپیئن بلے باز سامنے آئے۔

احسان مانی نے کہا کہ 'وہ آئی سی سی کی جانب سے اس اعزاز کے حق دار تھے اور اُمید ہے اس سے اگلی نسل بھی مثال پکڑے گی'۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ہال آف فیم کا آغاز 2009 میں کیا گیا تھا، جس میں کرکٹ کی دنیا میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے عظیم کھلاڑیوں کو اس فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اس سے قبل یہ اعزاز حاصل کرنے والے 5 کھلاڑیوں میں حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم اور وقار یونس شامل ہیں۔

آئی سی سی ہال آف فیم میں اب تک انگلینڈ کے 28، آسٹریلیا کے 27، ویسٹ انڈیز کے 18، بھارت کے 6، جنوبی افریقہ کے 4، نیوزی لینڈ کے 3 اور سری لنکا کا ایک کھلاڑی شامل ہوچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024