• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جدید جہاز کی رونمائی

شائع August 23, 2020
جہاز کی تقریب رونمائی چین میں ہوئی—فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ
جہاز کی تقریب رونمائی چین میں ہوئی—فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

اسلام آباد: پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے جدید ترین بحری جہاز کی چین میں رونمائی کردی گئی۔

ترجمان پاک بحریہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے پہلے ٹائپ 054 فریگیٹ کی تقریب رونمائی کا انعقاد چین کے شہر شنگھائی کے ژونگوا شپ یارڈ میں ہوا۔

اس تقریب میں چیف نیول اوورسیر (چین) کموڈور اظفر ہمایوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ اس موقع پر چائنا شپ بلنڈنگ ٹریڈنگ کارپوریشن لمیٹیڈ (سی ایس ٹی ایس) کے چیئرمین لی ہونگ تاؤ بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید جہاز 'پی این ایس یرموک' کی شمولیت

اس کے علاوہ تقریب میں پاک بحریہ اور سی ایس ٹی ایس ہوڈنگ شپ یارڈ کے عہدیدارن نے بھی شرکت کی۔

تقریب رونمائی چین میں دونوں ممالک کے حکام شریک ہوئے—فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ
تقریب رونمائی چین میں دونوں ممالک کے حکام شریک ہوئے—فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

ترجمان کے مطابق یہ تقریب پاک بحریہ کے لیے بنائے گئے جدید ترین فریگیٹ کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ سطح سمندر، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے جدید ہتھیاروں، کمبیٹ منیجمنٹ سسٹم اور سینسرز سے لیس ٹائپ 054 فریگیٹ تکنیکی طور پر پاک بحریہ کے بیڑے کے سب سے جدید جہازوں میں سے ایک ہوں گے جبکہ یہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

بیان کے مطابق جہاز کی تقریب رونمائی کے موقع پر مہمان خصوصی نے اسے پاک چین دفاعی تعلقات میں ایک نئے باب سے تعبیر کیا۔

انہوں نے ہوڈنگ ژونگوا شپ یارڈ، چین کی محنت اور عزم کو سراہا اور کووڈ 19 کی عالمی وبا کے باجود منصوبے کو جاری رکھنے پر سی ایس ٹی سی کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جب پاک بحریہ نے بھارتی نیوی کا جہاز تباہ کیا...

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے جدید جہاز 'پی این ایس یرموک' کو شامل کیا گیا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی تھی جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے قلیل وقت میں جہاز کی تعمیر پر ڈامین شپ یارڈ رومانیہ اور پراجیکٹ ٹیم کو سراہا۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ جدید جنگی جہاز جدید ہتھیار اور دفاعی نظام سے لیس ہے، پی این ایس یرموک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس سلسلےکا دوسرا جہاز 'پی این ایس تبوک' عنقریب پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024