گلوکار ابرار الحق کے لیے یوٹیوب کا اعزاز
دنیا کی مقبول ترین ویڈیو اسٹریمنگ و شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے پاکستان تحریک انصافٰ (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ہلال احمر کے چیئرمین و پاکستانی گلوکار ابرار الحق کو ' سلور پلے بٹن' سے نواز دیا۔
یوٹیوب اپنے معروف مواد تیار کرنے والے افراد کو مختلف قسم کے پلے بٹن کے اعزاز سے نوازتا ہے۔
یوٹیوب پلے بٹنز، یوٹیوب کرئیٹر ریوارڈ کا ایک حصہ ہوتے ہیں جو اس بات کا اعتراف بھی ہیں کہ مذکورہ بٹن حاصل کرنے والا یوٹیوب چینل کافی مشہور ہے۔
مزید پڑھیں: ’راولپنڈی ایکسپریس‘ شعیب اختر کے لیے یوٹیوب کا اعزاز
یوٹیوب کی جانب سے یہ اعزاز چینل کے سبسکرائبر کی تعداد پر انحصار کرتا ہے لیکن یہ یوٹیوب کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کسے اس ایوارڈ سے نوازے۔
اس سلسلے میں ایوارڈ دینے سے قبل چینل کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ چینل نے یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا یا نہیں، اسی طرح یوٹیوب یہ اختیار بھی رکھتا ہے کہ وہ کسی بھی کرئیٹر کے ریوارڈ سے انکار کردے۔
یوٹیوب کی جانب سے اس پلے بٹن کے مجموعی طور پر 4 کٹیگری سلور، گولڈن، ڈائمنڈ اور کسٹم پلے بٹن شامل ہیں۔
سلور پلے بٹن چینل بنانے والے کو اس وقت دیا جاتا ہے جب کوئی چینل ایک لاکھ سبسکرائبر کی حد کو عبور کرتا ہے۔
اور ابرار الحق کے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کی وجہ سے انہیں سلور بٹن سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کا مولانا طارق جمیل کیلئے اعزاز
ابرار الحق نے فیس بک کی ٖفوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں یوٹیوب کی جانب سے سلور پلے بٹن دیے جانے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ میں نے یوٹیوب سے اپنا سلور بٹن وصول کیا ہے۔
انہوں نے یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے والے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انشاءاللہ یہ چینل انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ساتھ ہی گلوکار ابرار الحق نے اپنا یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ انشاءاللہ اس چینل کو انسانیت کی خاطر استعمال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں چند روز قبل گلوکار عاصم اظہر نے بھی یو ٹیوب کی جانب سلور بٹن کا اعزاز دیے جانے کا اعلان کیا تھا۔
عاصم اظہر نے انسٹا گرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ' اس کو آئے ہوئے کافی دن ہو گئے ہیں، لیکن کبھی شیئر نہیں کیا'۔
انہوں نے جلد ہی یوٹیوب چینل پر 10 لاکھ سبسکرائبرز کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
خیال رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات کو پلے بٹن کا اعزاز دیا جاچکا ہے جن میں شعیب اختر، مولانا طارق، کامیڈین ادریس شام، کامیڈین چینل ’پی فار پکاؤ‘ کے نادر علی، ’کچن ود آمنہ‘ کی خاتون آمنہ، لیو ٹوئنز اور احمد شاہ شامل ہیں۔
یوٹیوب نے کم عمر بچے احمد شاہ کو بیک وقت سلور اور گولڈ پلے بٹن سے نوازا تھا۔