• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حکومت نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت جائے گی، شیخ رشید

شائع August 21, 2020
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نواز شریف کے خلاف عدالت جائے گی— فائل فوٹو: اے پی
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نواز شریف کے خلاف عدالت جائے گی— فائل فوٹو: اے پی

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے علاوہ ان کی بیرون ملک سے وطن واپسی کے لیے عدالت جائے گی۔

راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آٹا چینی بھی سستے ہونے جا رہے ہیں، آج اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہے اور ہم نے گندم درآمد کی ہے اور اب چینی بھی درآمد کرنے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف علاج کیلئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کو تباہ و برباد کر دیں گے، ہمیں اشیا مہنگی یا سستی فروخت کرنا پڑیں لیکن ہم ان کی ذخیرہ اندوزی کو ختم کردیں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ جہاں تک اپوزیشن کا سوال ہے تو فضل الرحمٰن نے ان جماعتوں سے تحریری معاہدہ کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ مولانا نے کہا کہ مجھے آپ پر اعتبار نہیں ہے، انہوں نے کہا ہے کہ میرے ساتھ تحریری معاہدہ کرو کہ مجھے چھوڑ کر نہیں جاؤ گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں فضل الرحمٰن صاحب کو کہتا ہوں کہ یہ سب چھوڑ کر جائیں گے، اول تو یہ آئیں گے نہیں، یہ جتنے لوگ بول رہے ہیں یہ سب وہ ہیں جن کے نیب میں کیس ہیں، نیب میں کیس کے علاوہ کوئی بندہ بولے تو اس کی بات میں وزن ہے، باقی سب این آر او چاہتے ہیں اور عمران خان کوئی بھی بڑا فیصلہ کر سکتا ہے لیکن این آر او نہیں دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب نواز شریف کی طبی رپورٹس سے غیر مطمئن

وفاقی وزیر نے کہا کہ 'اگر وہ کسی مشکل میں پھنس بھی گیا تو وہ کوئی بھی بڑا فیصلہ کر سکتا ہے لیکن ان کو این آر او نہیں دے گا، ان کو شرمندگی ہو گی، ان کو عدالتوں کے ٹرائل سے گزرنا ہو گا'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کو مریم نواز پھنسانے جا رہی ہیں، شہباز شریف جب اپنی تاش لگاتا ہے تو وہ ساری طاش کو بکھیر دیتی ہے، مریم نواز نے پتھر نیب کو نہیں بلکہ شہباز کی سیاست کو مارے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سعودی عرب ہماری دل جان ہے، سعودی عرب اور ہم یک جان اور دو قالب ہیں، چھوٹی موٹی باتیں ہو جاتی ہیں لیکن آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے جو تھوڑی بہت کمی تھی وہ جا کر پوری کردی ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی تازہ تصویر نے ایک مرتبہ پھر ان کی صحت پر بحث چھیڑ دی

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کی واپسی کے لیے عدالت جا رہی ہے اور عدالت جا کر کہے گی کہ انہیں واپس بلایا جائے، حکومت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے علاوہ واپس لانے کے لیے عدالت میں جائے گی۔

یاد رہے کہ نیب کی تحویل میں چوہدری شوگر ملز کیس کی تفتیش کا سامنا کرنے والے ساق وزیر اعظم کو طبیعت خراب ہونے پر گزشتہ سال بیرون ملک علاج کی اجازت دے دی گئی تھی اور وہ گزشتہ سال 20 نومبر کو لندن روانہ ہو گئے تھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ری اسٹرکچر ہو رہی ہے اور چار ہفتوں سے پہلے ری اسٹرکچر ہو جائے گی، سب سے بڑا کام ایم ایل ون کا ہے جو انقلاب لائے گا اور یہ انقلاب پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار دے گا اور ایک 1871 میل کا نیا ٹریک ہو گا جس میں کوئی کراسنگ نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کا کچھ نہیں ہونا، عثمان بزدار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی رپورٹ پر جس کو شک ہے وہ عدالت میں میرا سامنا کرلے، ڈاکٹر طاہر شمسی

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے بنانے جا رہے ہیں، جتنی ہمارے ذمے ہے ہم بنا دیں گے، جتنی ہمارے ذمے نہیں ہے اور سندھ حکومت کے ذمے ہے، وہ سندھ حکومت بنائے گی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چین سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے والے ہیں، وہ ریلوے کا ٹریک بی او ٹی بنیادوں پر ہے اور اس پر پیسے نہیں لگیں گے، ابھی چین کے ساتھ اس کے ٹکٹ کا فیصلہ ہونا ہے اور اس کی مدت کا بھی فیصلہ ہونا ہے، وہ 40 سال کے لیے مانگ رہے ہیں اور ہم 20 سال کے لیے دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024