• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

راؤ انوار نے جعلی انکاؤنٹر میں نقیب اللہ کے قتل کا حکم دیا، گواہ کا عدالت میں بیان

شائع August 21, 2020
کیس پر اے ٹی سی 3 کے جج نے سماعت کی جو سینٹرل جیل کے اندر جوڈیشل کمپلیکس میں مقدمہ چلا رہے ہیں۔ فائل فوٹو:ڈان نیوز
کیس پر اے ٹی سی 3 کے جج نے سماعت کی جو سینٹرل جیل کے اندر جوڈیشل کمپلیکس میں مقدمہ چلا رہے ہیں۔ فائل فوٹو:ڈان نیوز

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت میں استغاثہ کے ایک گواہ نے بیان دیا ہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نقیب اللہ محسود کو پولیس نے اٹھایا، اسے 'لاپتا' کردیا اور جنوری میں سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کے حکم پر مبینہ طور ایک 'جعلی' مقابلے میں مارا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق ایس ایس پی اور اس کے تقریباً دو درجن ماتحت افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے نسیم اللہ محسود جو نقیب کے نام سے مشہور ہے، سمیت 3 دیگر افراد صابر، نذر جان اور اسحٰق کو 13 جنوری 2018 کو 'طالبان دہشت گرد' قرار دے کر 'جعلی' انکاؤنٹر میں قتل کیا۔

انور، قمر احمد، محمد یٰسین، سپرد حسین اور خضر حیات ضمانت پر ہیں جبکہ دیگر 13 افراد، اللہ یار کاکا، محمد اقبال، ارشاد علی، غلام نازک، عبدالعلی، شفیق احمد، شکیل، محمد انر، خیر محمد، فیصل محمود، علی اکبر، رئیس عباس زیدی اور سید عمران کاظمی زیر حراست ہیں۔

مزید پڑھیں: نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار پر فرد جرم عائد

کیس پر اے ٹی سی 3 کے جج نے سماعت کی جو سینٹرل جیل کے اندر جوڈیشل کمپلیکس میں مقدمہ چلا رہے ہیں۔

سرکاری وکیل نے اس کیس میں اپنی گواہی ریکارڈ کرنے کے لیے نجی گواہ کو پیش کیا۔

گواہ نے بتایا کہ ان کا تعلق متوفی کے گاؤں سے ہے، نقیب اللہ کی گرفتاری کی اطلاع ملنے کے بعد وہ پاکستان تحریک انصاف کے ایک مقامی رہنما اور دیگر کے ہمراہ عباس ٹاون میں پولیس چوکی گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس چوکی پر انہیں معلوم ہوا کہ نقیب اللہ کو راؤ انوار کے حکم پر کہیں اور منتقل کردیا گیا ہے بعدازاں 13 جنوری 2018 کو انہیں اطلاع ملی تھی کہ نقیب ایک 'مقابلے' میں مارا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نقیب اللہ کے ایک کزن نے اس کی لاش حاصل کی اور اس کی نماز جنازہ سہراب گوٹھ میں ادا کی گئی۔

دوسری جانب سابق ایس ایس پی کے دفاعی وکیل ایڈووکیٹ عامر منصوب قریشی نے سے جرح کی۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ شکایت کنندہ محمد خان کا نقیب اللہ نامی کوئی بیٹا نہیں ہے کیونکہ اس کے بیٹے کا نام نسیم اللہ تھا۔

وکیل نے دعوی کیا کہ شکایت کنندہ کے مطابق مبینہ طور پر متاثرہ شخص کو پولیس چوکی میں تقریباً 50 دن اغوا کیا گیا تھا اور سوال کیا کہ گواہ کو معلوم ہونے کے باوجود اس کے اغوا کے خلاف پولیس میں شکایت کیوں نہیں کی گئی۔

گواہی ریکارڈ کرنے کے بعد جج نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ اپنی شہادتیں ریکارڈ کرنے کے لیے 5 دیگر گواہان کو پیش کریں اور کیس 10 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردیا۔

جج نے عدالت کے پچھلے حکم کی تعمیل نہ کرنے پر برہمی کا بھی اظہار کیا جس میں تفتیشی افسر (آئی او) کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ دو گواہان کو اپنے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے عدالت کے سامنے پیش کریں۔

امان اللہ مروت، شیخ محمد شعیب، گاڈا حسین، محسن عباس، صداقت حسین شاہ، رانا شمیم اور ریاض کو مفرور مجرم قرار دیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

استغاثہ کے مطابق زیر تفتیش پولیس عہدیداروں نے تاوان کے لیے نقیب اللہ محسود اور تین دیگر افراد کو اغوا کیا اور ایک جعلی مقابلے میں مارا اور بعد میں انہیں طالبان عسکریت پسند بھی قرار دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: راؤ انوار آغاز سے انجام تک!

27 سالہ نقیب اللہ محسود کے قتل پر سول سوسائٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا اور اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان ہلاکتوں کا از خود نوٹس لیا تھا۔

راؤ انوار کے بار بار متاثرین کو عسکریت پسند بتانے کے باوجود ٹرائل کورٹ نے نقیب اللہ اور تین دیگر متاثرین کو بے گناہ قرار دیا اور ان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کردیا تھا۔

نوجوان نقیب اللہ محسود کی سوشل میڈیا پروفائل پر وہ ماڈلنگ میں دلچسپی رکھنے والے لبرل نوجوان کے طور پر سامنے آئے تھے۔

مارچ 2019 میں راؤ انوار اور دیگر کے خلاف جعلی انکاؤنٹر اور متاثرین کو دہشت گرد قرار دینے، ان سے ہتھیار اور دھماکا خیز مواد بر آمد کرنے کے جھوٹے الزامات پر فرد جرم عائد کی تھی۔

ابتدائی طور پر مقتول کے والد محمد خان نے پولیس حکام کے خلاف شکایت درج کروائی تھی تاہم اس کی ہلاکت کے بعد ان کے بیٹے اس کیس میں شکایت کنندہ بن گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024