فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کے لیے جاری ایف بی آر کا نوٹس معطل
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فلسطین کے سفیر احمد جواد ربئی کی درخواست پر ان کی گاڑی کو ضبط کرنے کے لیے ایف بی آر سے جاری شوکاز نوٹس کو معطل کرتے ہوئے کارروائی روکنے کا حکم بھی دے دیا۔
فلسطینی سفیر احمد جواد نے وکیل سکندر نعیم قاضی کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔
درخواست میں فلسطینی سفیر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گاڑی کی فروخت کے حوالے سے 4 اگست کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ججز کےخلاف دھمکی آمیز ویڈیو کیس: ملزم مرزا افتخار کی ضمانت منظور
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ سفارتی عملے کو ویانا کنونشن کے تحت خصوصی استثنیٰ حاصل ہے، کسٹم ڈپارٹمنٹ کا یہ نوٹس سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی ہے۔
اسلام آباد ہائی کوٹ سے استدعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ عدالت حکم دے کہ مجھے اور میری جائیداد کو ویانا کنونشن کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ کی رائے کے بغیر کسٹم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا جائے، سیکریٹری خارجہ کی رائے اور مجھے نوٹس دیے بغیر گاڑی کو ضبط کرنا غیرقانونی ہے۔
فلسطینی سفیر نے کہا کہ ایف بی آر، کسٹم ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ شوکاز نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔
مزید پڑھیں:سفارتی عمارت کی کم قیمت فروخت پر سابق سفیر کے خلاف نیب ریفرنس دائر
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر آج سماعت کرتے ہوئے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کے لیے جاری کیا گیا ایف بی آر کا شوکاز نوٹس معطل کیا۔
عدالت نے کلیکٹر کسٹمز کو آئندہ سماعت تک فلسطینی سفیر کے خلاف کارروائی سے روک کر سفیر کی گاڑی واپس کرنے کا حکم دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری خارجہ، ایف بی آر اور کلیکٹر کسٹمز کو جواب کے لیے نوٹس جاری کرکے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔