• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو زہر دے دیا گیا

شائع August 20, 2020
روسی صدر پر تنقید کرنے والے الیکسی ناوالنی سائبیریا کے ایک ہسپتال میں کوما اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ فائل فوٹو:رائٹرز
روسی صدر پر تنقید کرنے والے الیکسی ناوالنی سائبیریا کے ایک ہسپتال میں کوما اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ فائل فوٹو:رائٹرز

روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی دوران پرواز زہر دیے جانے سے بیمار پڑنے کے بعد سائبیریا کے ایک ہسپتال میں کوما میں وینٹیلیٹر پر ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ان کی ترجمان کیرا یارمیش نے بتایا کہ 44 سالہ الیکسی ناوالنی کام کے سلسلے میں تومسک کے سفر کے بعد سائبیریا سے ماسکو واپس جارہے تھے کہ طیارے میں بیمار ہونے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹی اے ایس ایس کے مطابق وہ سائبیریا کے شہر اومسک کے ایمرجنسی ہسپتال نمبر ایک میں ٹوکسیکولوجی مریضوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہیں۔

ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے بارے میں متضاد معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت مستحکام ہوگئی ہے لیکن یہ بھی کہا کہ ان کی جان کو ابھی بھی خطرہ ہے اور وہ انہیں بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

کیرا یارمیش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمارا خیال ہے کہ الیکسی ناوالنی کو ان کی چائے میں زہر دیا گیا تھا، یہی وہ چیز تھی جو انہوں نے صبح پی تھی، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زہر گرم چائے میں جلدی حل ہو گیا تھا'۔

مزید پڑھیں: روسی عوام کا ولادی میر پیوٹن کے حق میں فیصلہ، 2036 تک صدر رہ سکیں گے

انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر نے پرواز میں سوار ہونے سے قبل ٹومسک ایئرپورٹ کے کیفے میں ایک کپ چائے پی تھی۔

انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے کیفے کے مالکان کے حوالے سے بتایا کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے چیک کر رہے ہیں تاکہ معلوم کرنے کی کوشش ہو کہ کیا ہوا تھا۔

انہوں نے ایکو موسکیوی ریڈیو کو بتایا کہ 'الیکسی ناوالنی کو جہاز میں پسینہ آ رہا تھا اور انہوں نے مجھ سے بات کرنے کو کہا تاکہ وہ آواز پر توجہ مرکوز کرسکیں، اس کے بعد وہ واش روم گئے اور وہاں ہوش کھو بیٹھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'الیکسی ناوالنی ابھی تک بے ہوش ہیں، انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے، ہماری مطالبے پر پولیس کو ہسپتال بلالیا گیا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مشتبہ زہر اس سال کے علاقائی انتخابی مہم سے منسلک ہے۔

ناوالنی فاؤنڈیشن کے وکیل نے کہا کہ ان کی ٹیم روس کی تحقیقاتی کمیٹی سے مجرمانہ تحقیقات کا آغاز کرنے کی درخواست کر رہی ہے۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ الیکسی ناوالنی کو ان کے سیاسی مؤقف اور سرگرمیوں کی وجہ سے زہر دیا گیا ہے'۔

سابق امریکی سفیر برائے ماسکو مائیکل میکفول نے ٹوئٹ کیا 'الیکسی نووالنی کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں'۔

ماضی کے حملے

الیکسی ناوالنی جو اعلی عہدیداروں کے خلاف انسداد بدعنوانی کی مہمات اور صدر ولادمیر پیوٹن کے بڑے ناقد شمار ہوتے ہیں، کو ماضی میں کئی جسمانی حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

2017 میں حملہ آوروں نے ان کے دفتر کے باہر ان کے چہرے پر سبز اینٹی سیپٹک پھینک دی تھی جس کی وجہ سے انہیں آنکھوں کے جلنے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ان کی ٹیم نے اس بارے میں بتایا تھا کہ انہیں زہر دیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انہیں شدید الرجک اٹیک ہوا تھا اور اگلے ہی دن انہیں واپس جیل بھیج دیا گیا تھا۔

انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ایڈمنسٹریٹو گرفتاری کے بعد سزا بھگت رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: روس میں کرپشن کے خلاف احتجاج، ایک ہزارافراد گرفتار

وہ متعدد مجرمانہ تحقیقات کا نشانہ بنتے رہے ہیں جب کہ ان کی اینٹی کرپشن فاؤنڈیشن پر پولیس اور تفتیش کار باقاعدگی سے چھاپے مارتے رہتے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ احتجاج منعقد کرنے کی وجہ سے متعدد مرتبہ جیل کی سزا بھی کاٹ چکے ہیں۔

روس کی حزب اختلاف کے سب سے ممتاز رکن الیکسی ناوالنی نے 2018 کے صدارتی انتخابات میں ولادمیر پیوٹن کو چیلینج کرنے کے لیے مہم چلائی تھی تاہم انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024