• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سندھ کابینہ نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی

شائع August 20, 2020
کیماڑی کو ضلع بنانے کی تجویز منظور کر لی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز
کیماڑی کو ضلع بنانے کی تجویز منظور کر لی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز

سندھ حکومت کی کابینہ نے کراچی کے علاقے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ میں نئے اضلاع بنانے اور اس سلسلے میں مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: حکومت کیماڑی میں پراسرار گیس کا سراغ لگانے میں ناکام، رپورٹ کمیٹی میں پیش

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اضلاع کا تخمینہ کرکے نئے ضلع بنانے کی تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی جبکہ بڑے اضلاع میں بھی نئے اضلاع بنانے کی تجویز دے دی ہے۔

ممکنہ ضلع کیماڑی میں سائٹ، بلدیہ، ہاربر اور ماڑی پور کے علاقوں کو شامل کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا اور اس وقت غربی میں 7 سب ڈویژنز ہیں جن میں منگھوپیر، سائٹ، بلدیہ، اورنگی، مومن آباد، ہاربر اور ماری پور شامل ہیں جس کی کُل آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 بنتی ہے۔

دوران اجلاس سندھ ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ میں سب سے بڑا ضلع ہے جبکہ کچھ وزرا نے خیرپور کو بھی 2 ڈسٹرکٹ میں تقسیم کرنے کی تجویز دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ ضلع جنوبی کو ڈسٹرکٹ کراچی کا نام دیا جائے اور اس طرح کراچی کے اضلاع کو وہاں کے مشہور علاقوں کے نام دیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تحریک انصاف کی کیماڑی سے منوڑہ تک کشتیوں پر ریلی

انہوں نے کہا کہ یہ میری رائے ہے کہ اس پر ہمیں تجویز دی جائے جس کے بعد کابینہ نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں سندھ ٹرسٹ ایکٹ 2020 پر بھی غور کیا گیا اور اس ایکٹ کو بھی ایف اے ٹی ایف کے مطابق بنایا گیا ہے۔

کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ اس قانون میں منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، بعدازاں کابینہ ٹرسٹ ایکٹ منظور کرلیا گیا اور یہ محکمہ صنعت کو سونپ دیا گیا۔

کابینہ نے ای اسٹیمپ رولز 2020 پر بھی غور کیا اور بتایا گیا گیا کہ ای اسٹیمپ کو شناخت دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کیماڑی میں ہلاکتوں کی وجہ فیومگیشن ہوسکتی ہے، ماہرین

وزیر ریونیو مخدوم محبوب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئیک ریسپانس کوڈ (کیو آر) کوڈ دیا گیا ہے جس سے ای اسٹیمپ اجرا کی تاریخ اور وقت واضح ہوگا جبکہ ای اسٹیمپ کی رقم کا اجرا بھی کلیئر ہو گا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ لارمس (ایل اے آر ایم آئی ایس) کو آئی ٹی سسٹم کی مینٹیننس وغیرہ کے اختیارات دیے گئے ہیں اور رولز میں ای اسٹیمپ کے ری فنڈ کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔

وزیر ریونیو نے مزید کہا کہ یہ سارا عمل بینک کے ذریعے ہوگا اور بینک کو وینٹنگ اتھارٹی ڈکلیئر کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ای اسٹیمپ کے بعد ریونیو میں اضافہ ہونا چاہیے جس کے بعد کابینہ نے سندھ ای اسٹیمپ رولز 2020 کی منظوری دے دی۔

تحریک انصاف نے کیماڑی کو ضلع بنانے کا فیصلہ مسترد کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کیماڑی کو نیا ضلع بنانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ نے جو فیصلہ کیا ہے اس کے ذریعے وہ کیماڑی ضلع کے صورت میں کراچی کا ساتواں ٹکڑا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سائوتھ کو کراچی کا نام دیا جارہا ہے جو اسے محدود کرنے کی سازش ہے اور کراچی کے ٹکڑے کرنا سندھ دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے تھے کہ سندھ کے ٹکرے کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور اس فیصلے کی آڑ میں کراچی کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے مفادات حاصل کرنے کے لیے اضلاع بنائے تھے اور آج سندھ کابینہ کا کراچی کو ٹکڑے کرنے کا فیصلہ سندھ دشمنی پر مبنی ہے جسے تحریک انصاف کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ یہ فیصلے کراچی کی فلاح بہبود کے لیے نہیں ہیں، کراچی کی ترقی کے ایک میٹروپولیٹن سٹی ہونا چاہیے، ایک کراچی اور ایک میئر ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کی ضرورت ہے اور بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کراچی سے جیتے گی میئر بھی پی ٹی آئی کا آئے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024