• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

پاکستان میں کورونا سے مزید 676 صحتیاب، فعال کیسز 12 ہزار 335 رہ گئے

شائع August 20, 2020 اپ ڈیٹ September 9, 2020
ملک میں کورونا سے متاثرہ 93 فیصد یعنی 2 لاکھ 72 ہزار  804 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں — فائل فوٹو:اے ایف پی
ملک میں کورونا سے متاثرہ 93 فیصد یعنی 2 لاکھ 72 ہزار 804 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں — فائل فوٹو:اے ایف پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاو میں بڑی حد تک کمی آچکی ہے اور روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد کم جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں اب تک کورونا کے 2 لاکھ 91 ہزار 356 کیسز میں سے 2 لاکھ 72 ہزار 804 صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد فعال کیسز صرف 12 ہزار 259 رہ گئے ہیں۔

آج کو کورونا وائرس کے مزید 494 کیسز اور 10 کی تصدیق ہوئی جبکہ 676 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو رپورٹ ہوئے تھے جن کا تعلق کراچی اور گلگت بلتستان سے تھا۔

وبا کی نشاندہی ہونے کے فورا بعد تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے علاوہ مختلف پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان پابندیوں کے باعث معاشی صورتحال بھی بگڑ رہی تھی چنانچہ حکومت نے مختلف شعبوں کو کھولنے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے طریقہ کار کو اپنایا۔

جون کے مہینے میں یہ وائرس پاکستان میں اپنے عروج پر پہنچا اور یومیہ 6 ہزار کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگیں تاہم جولائی سے صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوگئی جس کا سلسلہ اگست میں بھی جاری ہے۔

آج 20 اگست کو ملک میں وبا کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

ملک میں وبا سے سب زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں مزید 321 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 321 مثبت آئے۔

نئے کیسز کے ساتھ صوبہ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 381 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مزید 7 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 350 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مزید 58 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 800 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا کے باعث کسی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور اب تک پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 186 ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز رپورٹ ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 13 نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 425 ہوچکی ہے۔

تاہم خوشقسمتی سے وبا سے مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی البتہ اب تک اسلام آباد میں کووڈ19 کے 175 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 77 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 545 ہوگئی۔

صوبے میں مزید ایک مریض وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا جس کے بعد یہاں وبا سے اموات کی تعداد 1243 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

چند روز سے گلگت بلتستان میں کورونا کیسز میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 18 کیس اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والے پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں اب تک 2 ہزار 583 افراد وبا کا شکار بن چکے ہیں۔

علاوہ ازیں مزید ایک فرد کی ہلاکت سے اس خطے میں اموات کی تعداد 63 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے خطے آزاد کشمیر میں مزید 7 افراد وبا کا شکار بنے۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے اعداد و شمار کی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 219 تک جا پہنچی ہے۔

تاکم خوش قسمتی سے مزید کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 62 ہی ہے۔

صحتیابی کی شرح

ملک میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد جہاں کم ہوئی ہے وہیں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

کووڈ19 کے سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 676 مرض شفایاب ہوئے۔

اس طرح اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 93.7 فیصد یعنی 2 لاکھ 72 ہزار 804 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 291356

اموات: 6217

صحتیاب: 272804

فعال کیسز: 12335

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 381 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 95 ہزار 800 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 545 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 403 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 425، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 219 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 583 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2350

پنجاب: 2186

خیبرپختونخوا: 1243

بلوچستان: 139

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 63

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024