• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی: افغانستان سے 'دہشگردی' کیلئے آئے 2 عسکریت پسند 'مقابلے' میں ہلاک

شائع August 19, 2020
رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں 2 مشتبہ عسکریت پسندوں کو 'مقابلے' میں ہلاک کردیا۔

شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن مں بدھ کی علی الصبح ہونے والی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران 2 مشتبہ عسکریت پسندوں کو 'مقابلے' میں ہلاک کردیا گیا، ملزمان دہشت گردی کی کارروائی کے لیے حال ہی میں افغانستان سے آئے تھے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق پیرا ملٹری فورس نے پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی اور 'مقابلے میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد' ہلاک ہوگئے۔

مارے جانے والوں کی شناخت محمد رفیق عرف عادل اور عدنان شبیر عرف قاری کے نام سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: کراچی: دستی بم حملے میں ایک ہلاک، 5 زخمی

ترجمان کے بقول سندھ حکومت کی جانب سے محمد رفیق کی گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ عدنان شبیر 'انتہائی خطرناک دہشت گرد' تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 'یہ (دہشت گرد) بم دھماکوں، بینک ڈکیتیوں، فرقہ وارانہ قتل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لوگوں کے قتل میں ملوث تھے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز انٹیلی جنس اور سی ٹی ڈی کو خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ تحریک طالبان پاکستان کے استاد اسلم گروپ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند بلدیہ ٹاؤن کے رئیس یار محمد گوٹھ میں موجود ہیں، جس پر رینجرز کے شاہین گروپ اور سی ٹی ڈی پولیس نے منگل کی رات کو گوٹھ کا محاصرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی فورسز کی جانب سے پیش قدمی کی گئی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے میگا فون کے ذریعے دہشت گردوں سے سرنڈر کرنے کا کہا گیا تاکہ انہیں گرفتار کیا جائے لیکن انہوں نے مسلسل فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 عسکریت پسند مارے گئے۔

ان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 ایس ایم جیز، دو 9 ایم ایم پستول، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

ترجمان کے مطابق 'دونوں ملزمان حال ہی میں افغانستان سے کراچی آئے تھے اور وہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے'۔

رینجرز کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محمد رفیق وزیرستان میں دہشتگردی کی کارروائی کے لیے مائنز اور آئی ای ڈیز تیار کرتا تھا اور دہشتگردوں کی کارروائی میں ملوث تھا۔

ملزم کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد رفیق 27 مارچ 2015 میں شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس وین پر ہونے والے اس حملے میں ملوث تھا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید یہ کہ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم 12 اکتوبر 2014 کو بلدیہ ٹاؤن میں حب ریور روڈ پر رکشے میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی ملوث تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے تھے، اس کے علاوہ وہ 19 جون 2010 کو سٹی کورٹس پر ہونے والے مسلح حملے میں بھی ملوث تھا، جس کے نتیجے میں 4 عسکریت پسند شکیب مدثر، مراد شاہ، وزیر توس اور مرتضیٰ عنایت پولیس حراست سے فرار ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ سٹی کورٹس پر ہوئے اس حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا۔

ترجمان کے مطابق عسکریت پسند محمد رفیق 'مختلف فرقہ وارانہ قتل کی کارروائیوں' میں بھی ملوث تھا۔

ساتھ ہی ترجمان نے مارے گئے دوسرے عسکریت پسند عدنان شبیر کے بارے میں بتایا کہ وہ 'انتہائی تربیت یافتہ' تھا جو لشکر جھنگوی کے نعیم بخاری، فاروق بھٹی عرف تایا، شبیر عرف منا، اسحٰق عرف بوبی، عاصم عرف کیپری اور شاہ جہاں برمی کا قریبی ساتھی تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک

انہوں نے بتایا کہ ملزم اگست 2015 میں کورنگی ساڑھے 5 نمبر میں ریسٹورنٹ پر ہوئے مسلح حملے کے دوران پولیس اہلکار عقیل احمد، محمد جمیل، محمد انوار اور محمد اختر کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

اس کے علاوہ ان کے بقول ملزم 2014 میں کورنگی ڈھائی میں ہیڈ کانسٹیبل انور جعفری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، مزید یہ کہ وہ 2015 میں کورنگی کی ضیا کالونی میں اے ایس آئی پولیس محمد یوسف کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

مزید برآں ترجمان کے مطابق مارا گیا عسکریت پسند عدنان شبیر فرقہ واریت سے منسلک مختلف ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024