امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اہلیہ میلانیا کی ویڈیو وائرل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمیشہ ہی دنیا بھر میں میڈیا کی سرخیوں میں رہتے ہیں، جس کی وجہ ان کے اقدامات، ٹوئیٹس یا عجیب دعویٰ ہوتے ہیں مگر ان کی اہلیہ میلانیا بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں۔
ماضی میں مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میلانیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں مگر گزشتہ سال کے آخر میں ایک انٹرویو میں امریکی خاتون اول نے کہا تھا کہ ان کی اور شوہر کی کیمسٹری بہت ملتی ہے، اور تعلقات کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں میلانیا ٹرمپ ایئر فورس ون سے باہر آتے ہوئے اپنے شوہر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہاتھ تھامنے کی کوشش کو ناکام بنارہی ہیں۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ 50 سالہ امریکی خاتون اول صدارتی طیارے سے باہر آرہی ہیں اور تیز ہوا میں اپنے لباس کو سنبھالنے کی کوشش کررہی ہیں۔
مگر جب 74 سالہ امریکی صدر کی جانب سے اہلیہ کا ہاتھ تھامنے کی کوشش کی گئی تو میلانیا ٹرمپ نے اسے ناکام بناتے ہوئے اپنا ہاتھ موڑ لیا۔
امریکی صدر کی جانب سے کئی بار ایسی کوشش کی گئی مگر میلانیا نے پھر ہاتھ دینے سے انکار کردیا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا ہاتھ کمر پر رکھ دیا۔
میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر کا ہاتھ تھامنے کی بجائے ہیڈریل کو ترجیح دی۔
تاہم ویڈیو میں آگے جاکر دکھایا گیا کہ کچھ دیر بعد وہ دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے چل رہے تھے۔
امریکی صدر اور ان کی اہلیہ اپنے 14 سالہ بیٹے بیرن کے ہمراہ نیوجرسی سے واشنگٹن ڈی سی پہنچے تھے۔
ٹوئٹر پر اس حوالے سے لوگوں نے کافی دلچسپ تبصرے کیے۔
ویسے یہ پہلی بار نہیں جب میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر کی جانب سے ہاتھ تھامنے کی کوشش کو ناکام بنایا ہو۔
رواں سال جنوری میں نیواورلینز میں ایک کالج فٹبال میچ کے دوران بھی ایسا ہوا تھا۔
گزشتہ سال میلانیا ٹرمپ کی کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ایک تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے اور آن لائن اس پر متعدد پرمزاح حملے تحریر کیے گئے۔
فرانس میں جی 7 کانفرنس کے دوران عالمی رہنماﺅں اور ان کی شریک حیات کی تصاویر لی گئی تھیں مگر میلانیا ٹرمپ کی جانب سے کینیڈین وزیراعظم کے خیرمقدم کی تصویر انٹرنیٹ صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی، حالانکہ امریکی صدر کی تصاویر بھی کافی دلچسپ تھیں۔
ٹوئٹر پر اس تصویر پر متعدد افراد نے کمنٹس کیے کیونکہ ان کو لگ رہا تھا کہ امریکی خاتون اول کینیڈا کے وزیراعظم کو پسند کرنے لگی ہیں، جبکہ میلانیا لو ٹرمپ ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈنگ کرنے لگا۔
ایک صارف نے لکھا 'میلانیا سب کچھ خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں'۔