• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سشانت سنگھ کیس: ریا چکربورتی کا غیر معمولی فون ریکارڈ سامنے آگیا

شائع August 17, 2020
ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس 14 جون کو ڈپریشن کے باعث خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش کے کیس میں ہر روز نیا موڑ سامنے آ رہا ہے اور معاملہ واضح ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ایک طرف جہاں سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تو دوسری طرف سینٹرل بیورو انٹیلی جنس (سی بی آئی) نے مرکزی حکومت کی اجازت کے ساتھ ہی معاملے کی تفتیش شروع کر رکھی ہے۔

علاوہ ازیں سشانت سنگھ کیس کی تفتیش انسداد منی لانڈرنگ کے ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ (ای ڈی) بھی کر رہا ہے، جو مذکورہ معاملے پر پیسوں کی لین دین کو دیکھ رہا ہے۔

اسی حوالے سے ای ڈی اور سی بی آئی کی جانب سے ریا چکربورتی کا کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) چیک کیا گیا تو اداکارہ کا غیر معمولی ریکارڈ سامنے آیا، جس پر کئی لوگ حیران رہ گئے۔

بھارتی اخبار مڈ ڈے کے مطابق ریا چکربورتی کے اب تک سامنے آنے والے کال ڈیٹا ریکارڈ کے مطابق اداکارہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے ایک ماہ بعد تک اداکار کی سابق منیجرز سے رابطے می رہی۔

ڈیٹا کے مطابق ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ کی سابق منیجر شروتی کو گزشتہ ایک سال سے بھی کم دورانیے میں مجموعی طور پر 800 سے زائد بار فون کالز کیں۔

اداکارہ نے سشانت کی سابق منیجر کو 569 ایک بار اور پھر کچھ وقفے کے بعد 222 فون کالز کیں، علاوہ ازیں اداکارہ نے انہیں موبائل پیغامات بھی بھیجے۔

اسی طرح اداکارہ نے سشانت سنگھ کے ہاؤس منیجر سموئل مرنڈا کو بھی 300 بار کے قریب فون کالز کیں۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کی خودکشی، مقدمہ ہونے پر ریا چکربورتی سپریم کورٹ پہنچ گئیں

مزید یہ کہ ریا چکربورتی نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنے والد، والدہ اور بھائی کے ساتھ فون پر غیر معمولی رابطہ کیا اور انہوں نے والد کو 1100 سے زائد بار فون کالز کیں۔

ریا چکربورتی نے والدہ کے ساتھ دو مختلف نمبروں پر 743 بار فون کالز کے ذریعے رابطہ کیا، جن میں سے 223 مرتبہ والدہ نے انہیں فون کالز کیں۔

ڈیٹا کے مطابق ریا چکربورتی نے اپنے والد کو 800 سے زائد بار فون کالز کیں جب کہ والد نے انہیں 300 بار فون کالز کیں۔

ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ ریا چکربورتی نے جن افراد کے ساتھ فون کے ذریعے رابطہ کیا، ان میں سے زیادہ تر افراد کو اداکارہ نے خود زیادہ سے زیادہ فون کالز اور موبائل پیغامات بھیجے۔

اگرچہ اداکارہ کے فون ریکارڈ کا ڈیٹا سامنے لایا گیا ہے، تاہم ڈیٹا میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اداکارہ نے غیر معمولی فون کالز میں خود سے رابطے میں رہنے والے افراد کے ساتھ کیا باتیں کیں؟

مڈ ڈے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان 5 جون 2020 تک فون کالز کے ذریعے رابطہ رہا اور دونوں کے درمیان اداکار کی خودکشی سے 9 دن قبل ہی روابط ختم ہوئے۔

اسی حوالے سے بھارتی اخبار ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریا چکربورتی کے مزید فون ڈیٹا ریکارڈ سے پتا چلا ہے کہ اداکارہ نے گزشتہ ایک سال کے دوران فلم ساز مہیش بھٹ، بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، اداکارہ شردھا کپور، ادیتیہ رائے کپور، رکل پریت سنگھ، رانا دگوبتی، سنی سنگھ اور وفات پاجانے والی کوریوگرافر سروج خان سے بھی غیر معمولی رابطہ کیا۔

مزید پڑھیں: ریا چکربورتی کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں، والد سشانت سنگھ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریا چکربورتی کے فون ریکارڈ ڈیٹا کے مطابق انہوں نے عامر خان کے نمبر پر ایک بار فون کال کی جب کہ اداکار نے انہیں تین موبائل پیغامات بھیجے۔

اسی طرح ریا چکربورتی نے سب سے زیادہ 50 کے قریب بار رکل پریت سنگھ کو فون کالز کیں اور بعد ازاں دونوں کے درمیان موبائل پیغامات کا تبادلہ بھی ہوا۔

ڈیٹا کے مطابق ریا چکربورتی نے ادیتیہ رائے کپور کو 16 بار فون کالز کیں اور بدلے میں اداکار نے انہیں 7 بار فون کالز کیں۔

ریا چکربورتی نے تین بار شردھا کپور کو بھی فون کالز کیں جب کہ انہوں نے بھی ریا چکربورتی کو فون کالز کیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق ریا چکربورتی اور مہیش بھٹ کے درمیان جنوری 2020 کے بعد 16 بار فون پر رابطہ ہوا، جس میں سے 9 بار ریا چکربورتی نے فلم ساز کو فون کالز کیں جب کہ 7 بار مہیش بھٹ نے انہیں کالز کیں۔

رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ریا چکربورتی نے جن شوبز شخصیات کو فون کالز کیں، ان کے اور اداکارہ کے درمیان کیا گفتگو ہوئی، تاہم بتایا گیا کہ ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ اداکارہ نے شوبز شخصیات سے غیر معمولی روابط رکھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024