• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا بے اثر، 478 نئے کیسز رپورٹ، مزید 2 ہزار 786 افراد صحتیاب

شائع August 17, 2020 اپ ڈیٹ August 18, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں بڑی حد تک کمی ہوئی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں بڑی حد تک کمی ہوئی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ کافی حد تک کم ہوگیا ہے اور تقریباً 93 فیصد مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 606 ہے جس میں سے 2 لاکھ 69 ہزار 87 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 184 کا انتقال ہوا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آج 17 اگست کی شام تک مزید 478 نئے کیسز اور 10 موت کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 ہزار 786 افراد صحتیاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں آیا تھا، جس کے بعد یہ وبا پورے ملک میں پھیل گئی تھی اور ساتھ ہی تعلیمی اداروں کی بندش اور دیگر شعبوں کی بندش دیکھنے میں آئی تھی۔

بعد ازاں مارچ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کچھ کم تھی تاہم اپریل میں یہ بڑھنا شروع ہوئی اور مئی میں صورتحال تبدیلی کی جانب گئی اور جون ایسا مہینہ تھا جہاں یہ یکسر تبدیل ہوگئی۔

ماہ جون میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی اور صورتحال تشویشناک ہوگئی تاہم پھر جولائی کے مہینے میں صورتحال میں بہتری آئی اور اگست کے مہینے میں ملک میں عائد پابندیاں نہ صرف بڑی حد تک ختم ہوگئی بلکہ کیسز بھی بڑی تعداد میں کم ہوگئے۔

آج 17 اگست کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 243 نئے کیسز اور 9 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 699 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 243 کے نتائج مثبت آئے، یوں اس طرح کیسز کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 425 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 9 اموات ہوئیں جس سے یہ تعداد 2 ہزار 331 تک جاپہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ صوبے میں مزید 56 افراد کے متاثر ہونے سے کیسز کی مجموعی تعداد 95 ہزار 447 تک پہنچ گئی۔

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں صوبے میں کوئی موت کی تصدیق نہیں ہوئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 12 مریض سامنے آئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 390 تک پہنچ گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 122 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 337 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں پیر کے روز وائرس سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 1239پر برقرار ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ میں وبا کے مزید 26 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 321 ہوگئی۔

بلوچستان میں پیر کے روز بھی کورونا سے کوئی نئی موت واقع نہیں ہوئی، یوں صوبے میں اموات کی تعداد 138 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 16 افراد کو متاثر اور ایک کی جان لے گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان میں 16 افراد میں وائرس کی تشخیص کے بعد مجموعی کیسز 2 ہزار 502 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ان 3 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 ہزار 184 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مجموعی کیسز میں سے 93 فیصد شفایاب ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 786 افراد صحتیاب ہوئے جس سے اب تک مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 87 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 289606

اموات: 6184

صحتیاب: 269087

فعال کیسز: 14335

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 425 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 95 ہزار 447 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 337 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 321 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 309، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 184 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 502 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2331

پنجاب: 2182

خیبرپختونخوا: 1239

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 60

گلگت بلتستان: 61


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024