• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری، فعال کیسز 17 ہزار سے کم

شائع August 16, 2020 اپ ڈیٹ September 9, 2020
ملک میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں وہیں پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اس عالمی وبا کے 92 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد تو 2 لاکھ 89 ہزار 128 ہے تاہم اس میں سے 2 لاکھ 66 ہزار 301 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والوں کی تعداد 6 ہزار 174 ہے۔

آج (16 اگست) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 667 مریضوں کا اضافہ جبکہ 8 افراد کا انتقال ہوا تاہم 677 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آیا، جس کے بعد یہ وبا پورے ملک میں پھیل گئی، تاہم ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا۔

ایک ماہ تک وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد اپریل میں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا جو مئی میں کافی حد تک بڑھ گیا جبکہ جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی۔

ملک میں جون 2020 ایسا مہینہ تھا جہاں ایک روز میں کورونا وائرس کے 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے تھے اور اموات بھی 100 سے تجاوز کر رہی تھیں۔

تاہم جولائی کے مہینے میں صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوئی اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی رپورٹ ہوئی جس کے بعد اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی۔

آج 16 اگست کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 278 کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 ہزار 44 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 278 میں وائرس کی تشخیص ہوئی، یوں مجموعی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 182 ہوگئی۔

اسی طرح 5 مزید اموات نے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 322 تک پہنچا دیا۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 188 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 188 افراد میں وائرس کی تشخیص کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 391 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد ایسے بھی تھے جو لقمہ اجل بنے اور یوں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 182 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا مزید 32 افراد کو متاثر کرگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 15 ہزار 378 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

ملک کے دوسرے نمبر پر کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں 34 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق ان نئے مریضوں نے گلگت میں مجموعی تعداد 2 ہزار 486 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 2 نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 181 تک پہنچ گئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 61 کیسز رپورٹ ہوئے اور کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 10 پرانے کیسز بھی شامل کرلیے گئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 12 ہزار 295 ہوچکی ہے۔

بلوچستان میں کورنا سے ہلاکتوں کی تعداد 138 ہے۔

خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوامیں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والے 62 افراد کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ ایک متاثرہ شہری انتقال کرگیا۔

محکمہ صحت کے پی نے اپنے اعداد وشمار میں کہا ہے کہ کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 35 ہزار 215 ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا سے ایک نئی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 239 ہوگئی ہے

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 677 مریض صحتیاب ہوئے اور اس طرح مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 301 ہوگئی جو ملک کے کیسز کا 92 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 289128

اموات: 6174

صحتیاب: 266301

فعال کیسز:16521

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 182 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 95 ہزار 391 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 215 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 295 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 378، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 181 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 486 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2322

پنجاب: 2182

خیبرپختونخوا: 1239

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 60

گلگت بلتستان: 60


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024