• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مہندرا سنگھ دھونی اور سریش رائنا کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع August 15, 2020 اپ ڈیٹ August 25, 2020
سریش رائنا نے  مہندرا سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کے چند لمحوں بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا — فائل فوٹو / بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
سریش رائنا نے مہندرا سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کے چند لمحوں بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا — فائل فوٹو / بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور آل راؤنڈر سریش رائنا نے ایک ہی روز بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 39 سالہ ایم ایس دھونی بھارت کے سب سے کامیاب کپتان مانے جاتے ہیں اور وہ واحد کپتان ہیں جن کی قیادت میں بھارت نے آئی سی سی کی تینوں ٹرافیاں ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان کی قیادت میں بھارت، آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر بھی براجمان ہوا۔

دھونی نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کیپشن میں لکھا کہ 'شکریہ۔ آپ کے مسلسل پیار اور سپورٹ کا بہت بہت شکریہ، مجھے 19:29 بجے سے ریٹائرڈ سمجھا جائے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'دھونی کا انٹرنیشنل کیریئر ختم ہو چکا ہے'

ویڈیو میں دھونی نے اپنے 15 سالہ کیریئر سے متعلق تصاویر کو یکجا کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

واضح رہے کہ مہندرا سنگھ دھونی نے 2014 میں ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، جبکہ محدود اوورز کے میچ میں بھی وہ گزشتہ سال جولائی میں ورلڈ کپ میں ٹیم کے سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد سے نظر نہیں آئے تھے۔

بطور کپتان دھونی نے 2007 افتتاحی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو ٹائٹل جتوایا جبکہ 2011 میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کو اس کی سرزمین پر اعزاز دلوایا۔

انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں 350 میچز میں 10 ہزار 773 رنز بنائے اور وکٹ کے پیچھے 444 آؤٹ کیے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 98 میچز میں 91 بار بلے بازوں کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔

وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنئی سپر کنگز کے بھی کپتان ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کیا انہوں نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔

مزید پڑھیں: دھونی نے ٹیم کی جگہ بھارتی فوج کی رجمنٹ کو جوائن کر لیا

سریش رائنا کا بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سریش رائنا نے بھی مہندرا سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کے چند لمحوں بعد بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

انہوں نے بھی انسٹاگرام پر دھونی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کے ساتھ کھیلنا انتہائی خوشگوار تھا اور اب بھی میں نے سچے دل اور فخر کے ساتھ آپ کے ساتھ اس نئے سفر میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، شکریہ بھارت۔'

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ سریش رائنا نے 18 ٹیسٹ، 226 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔ وہ گزشتہ کافی عرصے سے بھارتی ٹیم میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئے تھے۔

سریش رائنا، ایم ایس دھونی کی قیادت میں 2011 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024