جشن آزادی کے موقع پر سیاستدانوں کے قوم کے نام پیغامات
پاکستانی قوم آج ملک کا 74 واں یومِ آزادی بھرپور ملی جذبے کے تحت منا رہی ہے اس موقع پر سیاستدانوں نے بھی اپنے ہم وطنوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور ملک کے ایک روشن مستقبل کی امید کا اظہار کیا۔
یوم آزادی کے موقع پر سیاستدانوں نے قائد اعظم کے اصولوں کی روشنی میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے 14 اگست کے لیے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان قائد اعظم کی سیاسی تدبیر اور ان کے پہاڑ جیسے عزم کا زندہ معجزہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد کا پیغام اتحاد، یقین اور نظم و ضبط ہمارے عوام کے لیے اقوام عالم میں اپنے صحیح مقام کے حصول کے سفر کا ایک منظم اصول ہے۔
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جشن آزادی کی مناسبت سے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آزادی کی قدر حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے قائداعظم اور ان کی قیادت میں تحریک آزادی میں حصہ لینے والے رفقا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آئین و جمہوری اصولوں کی پیروی کرے گی۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ انسانی وقار کا احترام اور انسانی ذات کی ترقی کی ضمانت جمہوریت کے علاوہ اور کوئی نظام نہیں دیتا، ہماری قوم کے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت و افادیت سے بخوبی واقف ہیں، پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، جسے یہ عزم تحریکِ آزادی سے وراثت میں ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 74 واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تحریکِ آزادی ایک پُر امن سیاسی جدوجہد تھی، قائداعظم کی زیرِ قیادت ہمارے آباؤ اجداد نے آنے والی نسلوں کی خاطر سامراج کی زنجیریں توڑیں تھیں تاکہ آئندہ نسلوں کو جبر، مذہبی امتیاز اور ہر طرح کی زیادتیوں سے محفوظ رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 74 ویں یوم آزادی پر عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ پاکستان کو تاحال اپنے بانی قائداعظم کے عین وژن کے مطابق کھڑا ہونے کے لیے تگ ودو کیوں کرنا پڑ رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے اور ان کی پامالی کے خاتمے میں ہے، جب تک قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہوں گے، ملک اندرونی و بیرونی بحرانوں کا شکار رہے گا۔
خالد مقبول صدیقی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آزاد اور زندہ قومیں اپنا یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ مناتی ہیں کہ وہ اپنے ملک کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم بحیثیت قوم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق بنائیں گے جہاں بلا رنگ ونسل ومذہب سب کو برابر کے حقوق حاصل ہوں گے اور اس مملکت کو دنیا کی ترقی یافتہ مملکت کی صفت میں شامل کر یں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی بقا سلامتی اور خوشحالی کا ضمان صرف اسلام ہے، ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خودمختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔
مریم نواز شریف
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی اور اُمید کا دن ہے اس کے ساتھ اس عزم کا بھی کہ پاکستان کو وہ بنانا ہے جو اس کا مقصد تھا۔
انہوں نے کہا کہ عزیز بہنوں اور بھائیوں یہ وژن اور اس پر عملدرآمد ہمارے ہاتھ میں ہے۔
وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ایک ٹوئٹر پیغام میں قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زندگی کا حقیقی احساس آزادی کی عظیم نعمت کے بغیر ادھورا ہے۔
مزید پڑھیں: ہم قائد اور اقبال کے پاکستان کی جانب گامزن ہیں، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، محصور کشمیری اور بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر ہونے والا ظلم و جبر قائداعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی پر مہر تصدیق ثبت کررہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آئیے، آج کے دن ہم ایک ایسے پاکستان کا عہد کریں جو پُر امن ترقی پسند اور روادار ہو۔