• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بولی وڈ فلم سڑک 2 کا گانا ’عشق کمال‘ پاکستانی گانے کی کاپی نکلا؟

شائع August 14, 2020
شیزان سلیم کے مطابق عشق کمال میرے گانے ربا ہو کی کاپی ہے — اسکرین شاٹ
شیزان سلیم کے مطابق عشق کمال میرے گانے ربا ہو کی کاپی ہے — اسکرین شاٹ

دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کا دعویٰ کرنے والی بولی وڈ انڈسٹری میں کئی سالوں سے متعدد فلموں میں پاکستانی گانوں کو شامل کئے جانے کی روایت چلی آ رہی ہے تاہم بعض فلموں میں شامل کچھ گانوں کو پاکستانی گانوں کی کاپی کرکے بھی شامل کیا جاتا ہے۔

بولی وڈ کی متعدد فلموں میں شامل کیے گئے پاکستانی گانوں کو اجازت کے ساتھ شامل کیا جاتا ہے تاہم کچھ فلم ساز پاکستانی موسیقی کے انداز کو چراکر اس کی نقل بناکر بھی اپنی فلموں میں شامل کرتے ہیں۔

اور ایسا ہی کچھ معروف فلم ساز مہیش بھٹ نے بھی اپنی آنے والی فلم سڑک ٹو میں کیا۔

مہیش بھٹ کی آنے والی رومانٹک تھرلر فلم سڑک ٹو کو رواں ماہ 28 اگست کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا جائے گا اور دو دن قبل ہی فلم کا پہلا ٹریلر جاری کیا گیا تھا، جس کے سامنے آتے ہی فلم پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

فلم میں مہیش بھٹ کی چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ اور بڑی بیٹی پوجا بھٹ بھی شامل ہیں جب کہ فلم میں ادیتیا رائے کپور اور سنجے دت بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

فلم کے ٹریلر کو بھارتی شائقین کی جانب سے سخت ناپسند کیا گیا اور فلم ساز پر اقربا پروری اور اپنے ہی قریبی افراد کو فلم میں لانے کے الزامات لگائے گئے۔

فلم ساز پر اقربا پروری کے الزامات اپنی جگہ لیکن سڑک ٹو کا ٹریلر سامنے آتے ہی ایک پاکستانی میوزک موسیقار نے دعویٰ کیا کہ مہیش بھٹ کی آنے والی فلم میں شامل مرکزی گانے کی موسیقی ان کے 9 سال قبل ریلیز کیے گئے گانے کی کاپی ہے۔

پاکستانی میوزک موسیقار شیزان سلیم جوگی نے اپنی یوٹیوب ویڈیو اور ٹوئٹس میں دعویٰ کیا کہ سڑک ٹو کے ٹریلر میں سنائی دینے والا مرکزی گانا ’عشق کمال‘ دراصل ان کے تقریبا ایک دہائی قبل ریلیز ہونے والے گانے کی کاپی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سڑک 2‘ پر کام شروع

شیزان سلیم نے بتایا کہ انہوں نے سڑک ٹو کا مکمل ٹریلر تک نہیں دیکھا مگر جیسے ہی انہوں نے فلم کے گانے ’عشق کمال‘ کو سنا تو انہوں نے اپنے پرانے گانے کو دوبارہ سنا اور پھر انہیں احساس ہوا کہ بولی وڈ فلم میں ان کے گانے کی میوزک چراکر گانا بنایا گیا۔

شیزان سلیم نے یوٹیوب ویڈیو میں اپنے اور سڑک ٹو کے گانے کی مختصر ویڈیوز بھی دکھائیں، جنہیں سن کر محسوس ہوتا ہے کہ دونوں گانوں کی موسیقی ایک جیسی ہی ہے۔

شیزان سلیم کے مطابق انہوں نے 2011 میں گلوکار زید خان کے گانے ’ربا ہو‘ کو پروڈیوس کیا تھا جو انتہائی مقبول ہوا تھا اور اب بھارتی فلم میں ان کے اسی گانے کی موسیقی کو چراکر ’عشق کمال‘ بنایا گیا۔

شیزان سلیم کے دعوے کے بعد کئی افراد نے بھی تسلیم کیا کہ واقعی سڑک ٹو کا گانا پاکستانی موسیقار کے گانے کی کاپی ہے، تاہم اس حوالے سے مہیش بھٹ اور فلم کی ٹیم نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

خیال رہے کہ شیزان سلیم نے 2011 میں زید خان کے جس گانے ’ربا ہو‘ کو پروڈیوس کیا تھا، اس کی موسیقی اور شاعری بھی زید خان نے لکھی تھی۔

پاکستانی گانے کی موسیقی کی نقل پر بنائے گئے فلم سڑک ٹو کے گانے ’عشق کمال‘ کی مکمل ویڈیو جاری نہیں کی گئی بلکہ اسے ٹریلر میں مختصر طور پر دکھایا گیا ہے۔

’عشق کمال‘ کی موسیقی کے حوالے سے ماضی میں مہیش بھٹ کی بڑی بیٹی اور سڑک ٹو کی اداکارہ پوجا بھٹ دعویٰ کر چکی تھیں کہ مذکورہ گانے کی موسیقی بھارت کے ایک نئے ابھرتے ہوئے موسیقار نے ترتیب دی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق پوجا بھٹ نے بتایا تھا کہ سڑک ٹو میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرایا جائے گا اور ایسے نئے ٹیلنٹ میں ’عشق کمال‘ کے موسیقار بھی شامل ہیں۔

پوجا بھٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ’عشق کمال‘ کی موسیقی چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک موسیقار نے ترتیب دی ہے، تاہم اب پاکستانی میوزک پروڈیوسر نے دعویٰ کیا ہے کہ سڑک ٹو کے گانے کی موسیقی ان کے گانے سے کاپی کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024