• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

کراچی کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے، شہر کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران خان

شائع August 13, 2020
وزیراعظم پاکستان—فائل فوٹو: عمران خان فیس بک
وزیراعظم پاکستان—فائل فوٹو: عمران خان فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے، کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر قانون فروغ نسیم نے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں صوبہ سندھ میں بارشوں کے بعد کی صورتحال خاص طور پر کراچی کے معاملات زیر غور آئے۔

دوران ملاقات وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے، کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مزید پڑھیں: 'کراچی والے کے الیکٹرک کی اجارہ داری کا خمیازہ بھگت رہے، ان پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے'

ادھر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گورنر نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ میں بارشوں کی بات کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، جہاں وزیراعظم نے این ڈی ای ایم اے، ایف ڈبلیو او کی تعریف کی جنہوں نے مختصر وقت میں بہترین کام کیا۔

ان کے مطابق وزیراعظم کو کے الیکٹرک کے مسائل پر بھی بریفنگ دی جبکہ عمران خان نے کراچی کی صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب رواں ہفتے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کراچی میں ابتر صورتحال، لوڈشیڈنگ کے مسائل، نالوں کی صفائی پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ عدالت عظمیٰ نے کراچی میں مدد کے لیے وفاقی حکام کے آنے کو صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا تھا۔

اس کے علاوہ وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل برائے پاکستان خالد جاوید خان نے کہا تھا کہ انہوں نے کراچی کے مختلف شہری اور دیگر مسائل پر وزیراعظم عمران خان سے بات کی ہے اور وفاقی حکومت کا صوبائی حکومت کے معاملات میں مداخلت کا کوئی ادارہ نہیں۔

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کی خراب صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام دستیاب قانونی اور آئینی آپشنز پر غور کر رہی ہے، کراچی میٹرو پولیٹن شہر ہے، کوئی بھی ملک اپنے میٹروپولیٹن شہر کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کراچی کے معاملے پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں، اس حوالے سے کوئی حتمی بات نہیں کر سکتا لیکن جلد فیصلہ ہوگا۔

یاد رہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت مختلف مسائل کا سامنا کر رہا ہے اور حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں نالوں اور علاقوں کی صفائی نہ ہونے کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'کراچی میں بجلی کی صورتحال مزید خرابی کے راستے پر'

یہی نہیں بلکہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال بھی بدتر ہوگئی ہے اور شہر میں کئی علاقوں میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس پر آج کی سماعت میں بھی سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ کراچی میں بارش کے بعد تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو ہدایت کی تھی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں اور شہر کی صفائی شروع کریں۔

جس پر کراچی میں این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او نے 3 بڑے نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی کراچی کی صفائی اور کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو سونپ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024