• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کوئٹہ: دستی بم حملے میں بچی جاں بحق، 6 افراد زخمی

شائع August 13, 2020
—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ بلوچستانن کے دارالحکومت کوئٹہ میں دستی بم کے حملے میں بچی جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے کوئٹہ کی بریوری روڈ پر دستی بم پھینکا جس کی زد میں آکر ایک بچی سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ ملزمان نے بریوری روڈ پر ایک دکان کے پاس دستی بم پھینکا تھا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں خود کش دھماکا، 8 افراد جاں بحق

علاوہ ازیں سول ہسپتال نے واقعے میں بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

ترجمان سول ہسپتال وسیم بیگ کے مطابق دھماکے سے 5 زخمیوں کو ہسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے زخمیوں کے علاج کے لیے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ تین روز قبل ہی چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس افسر محمد محسن نے بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار شہید، 5 زخمی

اسسٹنٹ کمشنر ذکا اللہ درانی نے کہا تھا کہ دھماکے میں انسداد منشیات کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس کے پیچھے بیرون دشمنوں کا ہاتھ ہونے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے۔

گزشتہ ماہ بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل مئی کے مہینے میں بلوچستان میں ایک بم دھماکے اور عسکریت پسندوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق

اپریل کے مہینے میں قلعہ عبداللہ کے علاقے ٹوبہ اچکزئی میں ایک دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

رواں سال مارچ میں چمن کی لیویز لائن میں موٹر سائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

قبل ازیں 18 فروری کو کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024