• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلال سعید اور صبا قمر نے مسجد میں ویڈیو شوٹ کرنے پر معافی مانگ لی

شائع August 10, 2020
دونوں کا گانا قبول ہے جلد ریلیز ہوگا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کا گانا قبول ہے جلد ریلیز ہوگا—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے آنے والی میوزک ویڈیو 'قبول ہے' کو لاہور کی تاریخیٍ مسجد وزیر خان میں شوٹ کرنے پر عوام سے معافی مانگ لی۔

دونوں کی مذکورہ گانے کی مکمل ویڈیو جلد ہی ریلیز ہوگی، تاہم دو دن قبل گلوکار و اداکارہ نے گانے کا ٹیزر جاری کیا تھا اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ٹیزر سے لی گئی ایک کلپ وائرل ہوگئی تھی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں صبا قمر اور بلال سعید کو مسجد کے احاطے میں فوٹو شوٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود کئی سوشل میڈیا صارفین نے دونوں پر مسجد میں ڈانس کرنے اور بیک گراؤنڈ میں میوزک چلانے کا الزام عائد کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر الزامات لگائے جانے کے بعد اگرچہ بلال سعید اور صبا قمر نے وضاحت کی تھی کہ ویڈیو میں کہیں بھی مسجد وزیر خان میں ڈانس کی جھلک نہیں دکھائی گئی اور نہ ہی انہوں نے ایسا کوئی کام کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلال سعید نے صبا قمر کے ساتھ 'قبول ہے' سے پردہ اٹھا دیا

دونوں نے یہ بھی وضاحت کی تھی کہ مسجد میں شوٹ کیے گئے نکاح کے مناظر کے دوران بیک گراؤنڈ میں موسیقی بھی نہیں چلائی گئی لیکن اس کے باوجود ان پر شدید تنقید جاری تھی، جس کے بعد دونوں نے عوام سے معافی مانگ لی۔

گلوکار بلال سعید نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں عوام سے معافی مانگتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا کہ انہوں نے نہ تو مسجد میں رقص کیا اور نہ ہی مسجد میں شوٹ کیے گئے مناظر کے دوران بیک گراؤنڈ میں موسیقی چلائی تھی۔

بلال سعید نے مختصر ویڈیو میں اعتراف کیا کہ انہوں نے اور صبا قمر نے صرف مسجد وزیر خان میں نکاح کے بعد شادی شدہ جوڑوں کی طرح فوٹو شوٹ کروایا، جسے غلط انداز میں پیش کیا گیا اور اسے غلط سمجھا گیا۔

بلال سعید نے اعتراف کیا کہ مذکورہ غلطی ان سے غیر دانستہ طور پر ہوئی ہے اور وہ مسلمان پیدا ہوئے اور ان کی ایک مسلمان گھرانے میں پرورش ہوئی، وہ مسجد کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

انہوں نے ویڈیو میں غیردانستہ ہونے والی غلطی پر خدا سے توبہ کرتے ہوئے لوگوں سے معافی مانگی۔

مزید پڑھیں: لاہور: میوزک ویڈیو کی شوٹنگ پر تاریخی مسجد کے منیجر معطل

بلال سعید کی طرح صبا قمر نے بھی وضاحت کی کہ جس کلپ پر تنقید کی جا رہی ہے اس کلپ میں نہ تو ڈانس کیا گیا اور نہ ہی پس منظر میں میوزک چلائی گئی۔

انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ان کے آنے والے گانے 'قبول ہے' میں تمام مختصر شوٹنگ مسجد وزیر خان میں کی گئی۔

دونوں کے گانے پر تنقید کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر دونوں کچھ تاخیر سے گانے کو ریلیز کریں گے۔

بلال سعید اور صبا قمر نے 'قبول ہے' کو 11 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، مذکورہ گانے کی ہدایات بھی صبا قمر نے دی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024