• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں بڑی حد تک ختم، معاشی سرگرمیاں بحال

پنجاب میں کاروبار کیلئے لاک ڈاؤن سے پہلے کے اوقات کار بحال کردیے گئے—تصویر: شٹر اسٹاک
پنجاب میں کاروبار کیلئے لاک ڈاؤن سے پہلے کے اوقات کار بحال کردیے گئے—تصویر: شٹر اسٹاک

قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں معیشت کے مخلتف شعبہ جات کھولنے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرنے کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں آج سے ریسٹورنٹس اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں سے پابندی ہٹا دی گئی۔

یاد رہے کہ این سی سی کے اجلاس میں ریلویز، ایئرلائنز اور میٹروبسز پر بھی عائد پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم مسافروں کے لیے ضروری فاصلہ لازمی قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 16 مارچ کو یہ پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی ختم، ریسٹورنٹس، بازار، تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان

این سی سی کے فیصلے کے بعد جو شعبہ جات کھول دیے گئے ہیں ان میں ریسٹورنٹس، کیفے، پبلک پارکس، تھیٹر سینما گھر، تفریحی پارکس، آرکیڈز، نمائش گاہیں اور بیوٹی پارلرز شامل ہیں۔

تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بدستور بند رہیں گے اور آئندہ ماہ کھولے جائیں گے۔

سندھ میں کاروبار کے نئے اوقات جاری

حکومت سندھ کی جانب سے آج متعدد شعبہ جات کھولنے کا اعلان کیا تاہم کاروباری مراکز پر سخت احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وبا بدستور موجود ہے اور اگر حفاظتی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو اس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

سندھ کورونا ٹاسک فورس کے فیصلوں کے تحت جاری کردہ اعلامیے میں شائقین کے بغیر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق تجارتی سرگرمیاں اب ہفتے میں 6 دن جاری رہ سکیں گی۔

اس کے ساتھ حکومت نے ایس او پیز کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی بھی اجازت دے دی۔

سندھ میں کاروباری اوقات کار ہفتے کے پانچوں روز صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہوں گے جبکہ ہفتہ کے روز سندھ میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے تک جاری رہ سکیں گی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گل پلازہ اور زینب مارکیٹ بند

اسی طرح ریسٹورنٹس اور چائے خانوں کو محدود صارفین کے ساتھ صبح سے رات 10 بجے تک اپنی خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی البتہ ہفتہ کے روز رات 11 بجے تک ریسٹورنٹس کھلے رکھے جاسکتے ہیں۔

اسی طرح ہفتے میں اتوار تا جمعہ صبح سے رات 10 جبکہ ہفتہ کے روز رات 11 بجے تک کھانا ٹیک اوے کیا جاسکتا ہے تاہم ہوم ڈیلیوری رات 12 بجے تک کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

پنجاب میں لاک ڈاؤن سے قبل کے اوقات کار بحال

دوسری جانب حکومت پنجاب نے بھی لاک ڈاؤن میں لگائی گئی پابندیوں کو بڑی حد تک نرم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں کے علاوہ تمام کاروباری مراکز آج سے کھول دیے گئے ہیں تاہم تمام کاروباری مراکز ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کیے لیکن وبا کی وجہ سے توازن نہیں رہا، عمران خان

اس کے ساتھ مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط ہوں گے جبکہ تمام قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق چل سکے گی۔

حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں کورونا وائرس سے پہلے والے معمول کے مطابق ہوں گی۔

محکمہ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے خبردار کیا کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عوام سے گزارش ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت

دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی 4 ماہ سے زائد عرصے سے عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔

خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے قیوم اسٹیڈیم پشاور میں ایک مرتبہ پھر کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کیا اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

حکومت خیبرپختونخوا نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق معیشت کے شعبے کھولنے کے ساتھ ساتھ رگبی، ریسلنگ، کبڈی اور باکسنگ کے علاوہ دیگر تمام کھیلوں کی اجازت دے دی ہے۔

اس ضمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ کھیل و سیاحت سمیت جن شعبوں پر پابندیاں تھی وہ ہٹ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں رات 10 بجے تک کاروبار اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت

انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے وزیراعظم نے متوازن پالیسی اختیار رکھی ہے، حکومت روزگار کے مواقع بھی کھول رہی ہے اور رسک سے بھی گریز کررہی ہے اور عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑی ایس او پیز کا خیال رکھیں، حکومت نہیں چاہتی ہیں کہ دوبارہ بندشیں عائد کی جائیں۔

سیکریٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وائرس ختم نہیں ہوا ہے البتہ کورونا کی شدت میں کمی آئی ہے اس لیے ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔

بلوچستان میں تجارتی مراکز پابندیوں سے آزاد

ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی معاشی سرگرمیاں بحال کردی گئیں۔

اس سلسلے میں محکمہ داخلہ بلوچستان سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں تجارتی مراکز، دکانوں، آؤٹ لیٹس اور شاپنگ مالز پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024