• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سی بی آئی نے سشانت سنگھ کیس کی تفتیش شروع کردی

شائع August 10, 2020
سشانت سنگھ نے بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ نے بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کی مرکزی خفیہ ایجنسی سینٹرل بیورو انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے مرکزی حکومت کی جانب سے اجازت دیے جانے کے بعد بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔

سشانت سنگھ نے 14 جون کو ممبئی میں خودکشی کرلی تھی اور ابتدائی طور پر ان کی خودکشی کی تفتیش ممبئی پولیس نے شروع کی تھی اور وہ اب تک 40 شخصیات کے بیانات بھی ریکارڈ کر چکی ہے۔

اداکار نے بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی اور ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی ان پر کسی قسم کے تشدد کا انکشاف نہیں کیا گیا تھا۔

ممبئی پولیس نے سشانت سنگھ کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی کا بیان بھی ریکارڈ کیا تھا تاہم بعد ازاں اداکار کے والد کے کے سنگھ نے بیٹے کی خودکشی کا کیس جولائی میں ریاست بہار کے شہر پٹنہ کے تھانے میں داخل کراتے ہوئے ریا چکربورتی پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا اعلان

ممبئی میں رہنے والی ریا چکربورتی نے اپنے خلاف دوسری ریاست میں مقدمہ دائر ہونے پر بھارت کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ ان کے خلاف پٹنہ میں دائر کیا گیا مقدمہ بھی ممبئی منتقل کیا جائے۔

سشانت سنگھ اور ریا چکربورتی کے درمیان تعلقات تھے—فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ اور ریا چکربورتی کے درمیان تعلقات تھے—فوٹو: انسٹاگرام

ریا چکربورتی کی سپریم کورٹ میں درخواست کے بعد سشانت سنگھ کے والد نے ریاست بہار کی حکومت اور پولیس کو اپیل کی تھی کہ ان کے بیٹے کی تفتیش سی بی آئی سے کرائی جائے۔

سشانت سنگھ کے والد کی درخواست کے بعد ریاست بہار کی حکومت نے مرکزی حکومت کو خط لکھ کر اداکار کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کی اپیل کی تھی۔

بعد ازاں 5 اگست کو سپریم کورٹ میں ریا چکربورتی کی درخواست پر ہونے والی سماعت میں مرکزی حکومت نے عدالت کو بتایا تھا کہ سشانت سنگھ کا کیس ریاستی حکومت کی درخواست پر سی بی آئی کو دے دیا گیا، اب ریا چکربورتی کی مقدمہ ممبئی منتقل کرانے کی درخواست مسترد کردی جائے۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی کے حوالے

عدالت نے مرکز کی جانب سے آگا کیے جانے کے بعد سشانت سنگھ کے والد، ممبئی اور پٹنہ پولیس نے بیان حلفی بھی طلب کیے تھے۔

تینوں فریقین نے 5 سے 8 اگست تک اپنے بیان حلفی بھی سپریم کورٹ میں جمع کروائے اور عدالت میں ریاست بہار اور ریاست مہاراشٹر کی پولیس کی جانب سے داخل کرائے گئے بیانات ایک دوسرے کے خلاف تھے۔

ریاست مہاراشٹر کی ممبئی پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چوں کہ جرم ان کی حدود میں ہوا ہے تو تفتیش کا اختیار بھی ان کا ہے اور ان کی حدود میں ہونے والے جرم کا کیس پٹنہ میں داخل کرانا غیر قانونی ہے۔

سشانت سنگھ کے اہل خانہ کو اداکارہ ریا چکربورتی پر شک ہے کہ انہوں نے اداکار کو ڈپریشن دی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ کے اہل خانہ کو اداکارہ ریا چکربورتی پر شک ہے کہ انہوں نے اداکار کو ڈپریشن دی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اس کے برعکس ریاست بہار کی پٹنہ پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فوجداری مقدمات کا کیس کسی بھی ریاست میں دائر کیا جا سکتا ہے اور یہ کہ اداکار کے والد کو ممبئی پولیس پر یقین نہیں تھا اور ممبئی پولیس ان کی تفتیش میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

سشانت سنگھ کے والد نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ریا چکربورتی کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں اور اب ان کی مقدمے کو پٹنہ سے ممبئی منتقل کرنے کی درخواست غیر اہم ہوچکی، کیوں کہ اب کیس کی تفتیش مرکزی ایجنسی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت کیس کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے پر بھارتی ریاستیں آمنے سامنے

تمام فریقین کے جوابات کے بعد تاحال سپریم کورٹ نے کوئی حکم نہیں دیا لیکن بھارت کی مرکزی حکومت نے 5 اگست کو ہی سی بی آئی کی تفتیش کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارت کی مرکزی حکومت نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش کے لیے سی بی آئی کو اجازت دینے کا نوٹی فکیشن 5 اگست کو جاری کیا۔

سی بی آئی نے مرکزی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد 6 اگست کو تفتیش شروع کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سی بی آئی نے مرکزی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد 6 اگست کو تفتیش شروع کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد سی بی آئی نے تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم کی تشکیل دے دی، جس نے تحقیقات شروع کردیں۔

انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق سی بی آئی نے آئی پی ایس افسر منوج ششیدھر کی سربراہی میں تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے اور جس ٹیم کو اداکار کی خودکشی کی تفتیش کا کام سونپا گیا ہے وہ پہلے ہی ملک کا ہائی پروفائیل کرپشن کیس تفتیش کر رہی تھی۔

علاوہ ازیں انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سی بی آئی کی ٹیم نے 5 اگست کے بعد سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش شروع کردی اور جلد ہی خفیہ ایجنسی اپنی ویب سائٹ پر کیس کے حوالے سے تفصیلات شیئر کرنا شروع کردے گی۔

سی بی آئی نے ریا چکربورتی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کردی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سی بی آئی نے ریا چکربورتی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کردی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ہندوستان ٹائمز کے مطابق سی بی آئی نے 6 اگست کو سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش کا باقائدہ آغاز کرتے ہوئے اداکارہ ریا چکربورتی کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) بھی درج کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سی بی آئی نے سشانت سنگھ کی خودکشی کی ایف آئی آر پٹنہ میں دائر کی گئی اداکار کے والد کی ایف آئی آر کے تحت درج کی۔

سی بی آئی کی جانب سے سشانت سنگھ کے والد کی جانب سے پٹنہ میں دائر کروائی گئی ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور جلد ہی خفیہ ایجنسی اہم شخصیات کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے سمن بھی جاری کرے گی۔

سی بی آئی ٹیم جائے وقوع کا دورہ کرنے سمیت اداکار کے اکاؤنٹ کی معلومات، پوسٹ مارٹم رپورٹس اور اداکار کے استعمال میں رہنے والی ڈائریز اور دیگر اشیا کا فورینزک جائزہ بھی لے گی۔

انڈیا ٹوڈے نے 10 اگست کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امکان ہے کہ جلد ہی سی بی آئی ٹیم سشانت سنگھ کے والد کا بیان ریکارڈ کرے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سشانت سنگھ کے والد اس وقت ریاست ہریانہ گئے ہوئے ہیں اور جلد ہی سی بی آئی ٹیم ان سمیت ان کی ایک بیٹی کا بیان بھی ریکارڈ کرکے تفتیش کو آگے بڑھائے گی۔

سشانت سنگھ کے والدین اور زیادہ تر افراد کا خیال ہے کہ اداکار نے گرل فرینڈ ریا کی وجہ سے خودکشی کی ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ کے والدین اور زیادہ تر افراد کا خیال ہے کہ اداکار نے گرل فرینڈ ریا کی وجہ سے خودکشی کی ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024