اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر کی پاکستان آمد
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
اسلام آباد سے دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی عملے نے وولکن بوزکر کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کا دورہ پاکستان ملتوی
واضح رہے کہ حکومت کی دعوت پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر 9 اور 10 اگست کے دورے پر پہنچے ہیں۔
وولکن بوزکر اپنے دورے میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ان سے ملاقات میں اقوام متحدہ کے تین اہم ستون امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ وولکن بوزکر کا دورہِ پاکستان 'بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ اور بحالی میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں پاکستان کی مضبوط اور قابل قدر شرکت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ہے'۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر کل پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ
اس ضمن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی، معاشی اور معاشرتی ترقی، انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ، عالمی تنازعات کے پرامن تصفیے سے متعلق امور میں جنرل اسمبلی کے کردار کی حمایت کرتا رہے گا۔
گزشتہ روز وولکن بوزکر نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد وہ معمول کے مطابق متعدد ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے 75ویں اجلاس کے ایجنڈے کے امور اور ترجیحات پر پاکستانی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔
خیال رہے کہ ترک سفارتکار گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں صدر منتخب ہوئے تھے۔
وولکن بوزکر کا دورہ پاکستان 27 جولائی کو طے تھا لیکن سفری مسائل کے باعث ان کا دورہ منسوخ ہوگیا تھا۔
علاوہ ازیں سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ نو منتخب صدر اب اقوام متحدہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پاکستان آئیں گے۔