سوشل میڈیا پر منفرد سُر بکھیرنے والے جڑواں پاکستانی بھائیوں 'لیو ٹوئنز' کے چرچے
سوشل میڈیا پر آج کل 'لیو ٹوئنز' کے نام سے 2 پاکستانی نوجوان موسیقاروں کے چرچے ہیں جو مختلف سازوں سے منفرد انداز میں سُر بکھیر کر شائقین کا دل جیتنا جانتے ہیں۔
یوں تو لیو ٹوئنز گزشتہ چند برس سے موسیقی سے وابستہ ہیں لیکن ان کی زیادہ دھوم اس وقت مچی جب دونوں بھائیوں نے پاکستان ٹیلی وژن(پی ٹی وی) پر اردو ترجمے کے ساتھ نشر کیے جانے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کا ساؤنڈ ٹریک پیش کیا تھا۔
3 ماہ قبل پیش کیے گئے اس ساؤنڈ ٹریک کو اب تک ایک کروڑ 37 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ لیو ٹوئنز کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
لیو ٹوئنز ہارون اور شارون کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور دونوں بھائی گزشتہ چند برس سے موسیقی کے فن سے وابستہ ہیں اور وہ مختلف سازوں کے ذریعے موسیقی کو مزید سریلا بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔
2016 میں انہوں نے اپنی موسیقی کی پہلی ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی تھی جس کے بعد انہیں ' نیس کیفے بیسمنٹ' کے تیسرے سیزن میں پرفارم کرنے کا موقع ملا تھا۔
سیزن 3 کے بعد انہوں نے نیس کیفے بیسمنٹ کے سیزنز 4 اور 5 میں بھی کام کیا تھا اس کے علاوہ دونوں بھائیوں نے گلوکار عاطف اسلم اور راحت فےتح علی خان سمیت دیگر بڑے ناموں کے ساتھ بھی کام کیا۔
لیو ٹوئنز نے کال دی بینڈ، میشا شفیع، مومنہ مستحسن کے ساتھ بھی کام کیا اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے ترانے ہم زلمی کا بھی حصہ تھے۔
ارطغرل غازی کا ساؤنڈ ٹریک ریلیز ہونے کے بعد لیو ٹوئنز کو بہت پذیرائی ملی۔
انہوں نے نہ صرف نصرت فتح علی کی قوالیوں اور عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے گانے پیار نال نہ سہی کی موسیقی کو نئے انداز میں پیش کیا بلکہ ایڈشیرین، گیم آف تھرونز ، ہوانا اور مائیکل جیکسن کے میوزک کو بھی پیش کیا۔
لیو ٹوئنز کی خاص بات یہ ہے کہ وہ کسی بھی ساؤنڈ ٹریک کو مشرقی و مغربی موسیقی کے امتزاج کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔
جہاں وہ وائلن اور گٹار کو استعمال کرتے ہیں تو ساتھ ہی ہارمونیم، رباب، طبلہ، دربوکا اور موسیقی کے دیگر آلات بھی استعمال کرتے ہیں جو ان کی پیشکش کو نہ صرف منفرد بلکہ دلفریب بھی بنادیتے ہیں۔
لیو ٹوئنز نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے اور اس حوالے سے اپنے فیس بک پیج پر انہوں نے اپنے استاد کے ساتھ تصویر بھی جاری کی تھی اور ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
کورونا وائرس کے باعث پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد لیو ٹوئنز نے کورانٹائن سیشنز کا آغاز کیا تھا جس میں وہ اپنے اسٹوڈیو سے مختلف ساؤنڈ ٹریکس پیش کرتے تھے۔
جس کے بعد انہی سیشنز کے دوران اپنے مداحوں کی پرزور فرمائش پر ہارون اور شارون نے ارطغرل غازی کا ساؤنڈ ٹریک پیش کیا تھا جو راتوں رات ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کرگیا۔
ہارون اور شارون یوں تو پہلے سے موسیقی کی دنیا کے اسرار و رموز سے واقف تھے لیکن ارطغرل غازی نے انہیں موسیقی کی دنیا کی نئی بلندیوں پر پہنچادیا۔
مئی کے مہینے میں یوٹیوب چینل پر ایک لاکھ سبسکرائبرز ہونے پر انہیں سلور پلے بٹن دیا گیا تھا اور اب ان کے 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔
لیو ٹوئنز نے اپنی اس کامیابی کو مداحوں کے نام کیا تھا اور سبسکرائب کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
انہوں نے نصرت فتح علی خان کی آواز میں پڑھی گئی مشہور قوالی 'تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی' کی دھن کو بھی پیش کیا تھا۔
تمہیں دل لگی کی موسیقی میں لیو ٹوئنز نے وائلن،گٹار، طبلے اور ہارمونیم کا استعمال کیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ انہوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے پب جی گیم پر پابندی عائد ہونے کے بعد پب جی پلیئرز کی دل جوئی کے لیے اس کا ساؤنڈ ٹریک بھی جاری کیا تھا۔