• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نیوی سیلنگ کلب کی نئی ممبرشپ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم امتناع

شائع August 8, 2020
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحری حکام کو 19 اگست تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے— فائل فوٹو بشکریہ اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحری حکام کو 19 اگست تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے— فائل فوٹو بشکریہ اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیوی سیلنگ کلب کی نئی رکنیت کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے بحری حکام کو 19 اگست تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کے چیئرمین امیر علی احمد، کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری احمد نواز سکھیرا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے کلب کو سیل کرنے کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر توہین درخواست کی سماعت کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کیا۔

مزید پڑھیں: سیلنگ کلب کیس: جواب جمع نہ کروانے پر عدالت نیول حکام پر برہم

درخواست گزار زینت سلیم نے عدالت کو بتایا کہ نہ تو سی ڈی اے اور نہ ہی بحری حکام نے کلب کو سیل کرنے کے حکم پر عمل درآمد کیا البتہ چیف آف نیول اسٹاف کے مشیر اشتر اوصاف علی نے اصرار کیا کہ عدالت کی ہدایت کے مطابق کلب کو سیل کردیا گیا ہے۔

عدالت نے وکیل کی طرف سے دیے گئے بیان حلفی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سیل شدہ احاطے میں کوئی سرگرمی نہ ہو۔

اس سے قبل چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کلب کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ بادی النظر میں زمین پر قبضہ اور اس پر عمارت کی تعمیر غیر قانونی اور نافذ قوانین کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا یہ حکم دیا جاتا ہے کہ اگلی تاریخ طے ہونے تک سیکریٹری کابینہ کے ذریعے وفاقی حکومت اور چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی احاطے کو سیل کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا راول ڈیم کے کنارے پاکستان نیوی سیلنگ کلب سیل کرنے کا حکم

عدالت نے کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے سامنے اپنے اگلے اجلاس میں زیر غور لائیں کیونکہ نافذ قوانین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا اور یہ عمل درآمد صرف عام شہریوں تک ہی محدود تھا۔

درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود سی ڈی اے احاطے کو سیل کرنے سے گریزاں ہے۔

درخواست کے مطابق کلب کو معمول کے مطابق چلایا جارہا ہے اور کلب کی انفارمیشن ڈیسک اب بھی معمول کے مطابق آنے والوں میں ممبرشپ فارم تقسیم کررہی ہے۔

اس سلسلے میں مزید کہا گیا تھا کہ سی ڈی اے کو عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے احاطے میں اپنے تالے لگانے تھے اور عملہ تعینات کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: راول جھیل پر 'غیرقانونی' تعمیرات کا معاملہ، پاک بحریہ کے سربراہ کو نوٹس، تحریری جواب طلب

درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ سی ڈی اے کے ذریعے سیل کرنے کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور پی این سیلنگ کلب کی مینجمنٹ اپنے کاروباری امور کو معمول کی حیثیت سے جاری رکھے ہوئے ہے، یہ سی ڈی اے کی جانب سے قانون کے امتیازی سلوک کی ایک عمدہ مثال ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ مذکورہ بالا حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے اور جواب دہندگان کو قانون کی روح کے مطابق عدالتی حکم کی تعمیل کرنے کی ہدایت کرے۔

یہ خبر 8اگست 2020 بروز ہفتہ ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024