• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وبا: پاکستان میں 90 فیصد سے زائد مریض صحتیاب، فعال کیسز 18 ہزار رہ گئے

شائع August 8, 2020 اپ ڈیٹ August 9, 2020
پاکستان میں کیسز کی یومیہ تعداد میں کمی ہوئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی یومیہ تعداد میں کمی ہوئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 83 ہزار 787 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 604 صحتیاب جبکہ 6071 کا انتقال ہوا ہے۔

آج (8 اگست) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 548 کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 1505 مریض شفایاب ہوگئے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کے باعث حکومت نے مختلف شعبوں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ سال کے آخر سے چین سے شروع ہونے والی اس عالمی وبا نے دنیا کے منظر نامے کو ہی تبدیل کردیا ہے اور لوگ اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے سماجی دوری اختیار کررہے ہیں جبکہ ماسک پہننے کو بھی اپنی عادت بنا رہے ہیں۔

پاکستان کی بات کریں تو یہاں فروری کے آخر میں اس وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد مارچ میں وائرس کا پھیلاؤ کم تھا جس میں اپریل میں تیزی آنا شروع ہوئی۔

تاہم مئی اور جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے اوپر اموات سامنے آنے لگی، تاہم جولائی میں کیسز اور اموات کی یہ تعداد کچھ کم ہوئی اور اب اگست کے مہینے میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔

آج ( 8 اگست) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 300 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 546 ہوگئی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ وائرس سے سندھ میں مزید 3 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2262 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں وبا سے مزید 450 افراد صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد یہاں شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 415 ہوگئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب جہاں کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ رپورٹ ہوا تھا وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 183 نئے مریض اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق ان نئے 183 کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار 223 ہوگئی۔

مزید برآں 2 افراد کے انتقال کرجانے سے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 166 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 32 افراد کو متاثر اور ایک کی جان لے گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 32 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 214 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال سے مجموعی اموات کی تعداد 171 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک میں کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 14 افراد کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار301 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 5 نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 129 تک پہنچا دیا۔

مزید برآں ایک فرد اس وائرس کے باعث لقمہ اجل بنا اور مجموعی اموات 58 تک پہنچ گئیں۔

صحتیاب

ملک میں کورونا وائرس سے 91 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1505 تھی۔

جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 604 مریض شفا پاچکے ہیں۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 283787

اموات: 6071

صحتیاب: 259604

فعال کیسز: 18112

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 23 ہزار 546 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 223 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 539 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 835 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 214 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 129 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 301 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2262

پنجاب: 2166

خیبرپختونخوا: 1222

بلوچستان: 137

اسلام آباد: 171

آزاد کشمیر: 58

گلگت بلتستان: 55


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024