• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش، 8 افراد جاں بحق

شائع August 7, 2020 اپ ڈیٹ August 8, 2020
کراچی میں مسلسل دوسرے روز بھی بارش ہوئی—فوٹو:رائٹرز
کراچی میں مسلسل دوسرے روز بھی بارش ہوئی—فوٹو:رائٹرز

سندھ میں مسلسل دوسرے روز بھی مون سون کی چوتھی بارش ہوئی اور کراچی میں مختلف واقعات کم ازکم 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسیکیو ذرائع اور انتظامیہ کے مطابق 3 افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے جبکہ 12 سالہ بچہ بارش سے جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر انتقال کرگیا۔

مزید پڑھیں:کراچی میں شدید گرمی کے بعد تیز بارش، کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق

بلوچ کالونی کے علاقے میں 24 سالہ خاتون بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئیں۔

ایس ایچ او احسان چنا کا کہنا تھا کہ فرزانہ حنیف جونیجو ٹاؤن میں اپنے گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے دم توڑ گئیں اور ان کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا گیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق لانڈھی نمبر 4 میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 18 سالہ قیصر نواز جاں بحق ہوگئے۔

چھیپا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 30 سالہ شہری لیاری میں جانگیان ہوٹل چاکیواڑہ میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا اور قانونی کارروائی کے لیے لاش ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کردی گئی۔

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 12 سالہ بچہ بارش کے پانی سے بننے والے تالاب میں ڈوب گیا۔

پولیس کا کہناتھا کہ سیکٹر7 ڈی میں چند بچے نہارہے تھے کہ 12 سالہ طلحہ تنظیم ڈوب گیا اور دم توڑگئے۔

پیرآباد پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق اسی طرح کا ایک اور واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس میں پیش آیا جہاں 6 سالہ لڑکا ڈوب گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ فداحسین جانوری کا کہنا تھا کہ انہیں پانی کے ریلے میں ایک لڑکے کے بہہ جانے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے تاہم علاقے کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ایدھی کے تیراکوں کے ہمراہ بچے کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا تھا کہ سٹی کورٹ کے علاقے میں بجلی کے کھمبے کے قریب کھڑے 8 سالہ انس شکیل کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے اور انہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

بارش کے پانی میں موجود کرنٹ کے باعث 20 سالہ جواد زبیر زخمی ہوگئے تھے اور انہیں سول ہسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ماڈل کالونی میں 27 سالہ محمد بلال بھی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے، انہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ جاں بحق بلال کو ان کے دوست نعمان ہسپال لے کر آئے تھے اور انہوں نے بتایا کہ بلال نے جب کھمبے پر ہاتھ رکھا تو انہیں بجلی کا کرنٹ لگا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق 13 ڈی گلشن اقبال میں نوجوان منصور بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ شہر میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے دوران ضلع غربی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامات کی نگرانی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر میں بارش سے کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شہری کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو سب سے زیادہ بارش فیصل بیس میں 56 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، صدر میں 46 ملی میٹر، جوہر اور یونیورسٹی روڈ میں 38.2 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ میں 37.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

دیگر علاقوں میں سرجانی میں 19 ملی میٹر، مسرور بیس میں 14.5 ملی میٹر، کیماڑی میں 12.5 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 10.5 ملی میٹر، ناظم آباد میں 10 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 9.8 ملی میٹر، لانڈھی میں 8.7 ملی میٹر اور گلشن حدید میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہیں اور سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا اور سفر کرنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں شدید گرمی، لوڈشیڈنگ نے عوام کا برا حال کردیا

بارش کے بعد شارع فیصل پر پانی جمع ہوگیا تھا، اس کے علاوہ گلشن اقبال میں نیپا اور بیت المکرم مسجد کے اطراف میں بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

اس کے علاوہ تیز بارش ہوتے ہی حسب معمول شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔

شہر میں گزشتہ ہفتے بارش کے بعد مشکلات کے پیش نظروزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا اور اہم برساتی نالوں کی صفائی کردی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد کی جانب سے ٹوئٹرپر کراچی کے نالوں کی صفائی کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے کی سرپرستی میں مسلسل پانچویں روز نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024