• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پیپلز پارٹی کا نیب کی کارروائیوں کےخلاف غیر ملکی سفارتخانوں کو خطوط لکھنے کا فیصلہ

شائع August 7, 2020
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چیئرمین نیب کو سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں طلب کرنے کا عندیہ بھی دیا — فوٹو: ڈان نیوز
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چیئرمین نیب کو سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں طلب کرنے کا عندیہ بھی دیا — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام غیر ملکی سفارتخانوں کو نیب کے خلاف خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اپوزیشن مسائل کو اجاگر کرتی ہے تو نیب اپوزیشن کو بلیک میل کرتا ہے، نیب کے ذریعے سیاسی رہنماؤں کو ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ غیر ملکی اداروں کی جانب سے بھی نیب کی کارروائیوں پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ میں آصف علی زرداری، میر شکیل الرحمٰن پر ہونے والے مظالم کا ذکر کیا، یورپی کمیشن نے بھی نیب کو سیاسی بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہونے والا ادارہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں انکشاف ہوا کہ نیب پراسیکیوشن کے لیے رکھے گئے افسران کا ایسا کوئی تجربہ نہیں ہے، غیر ملکی سفارتخانوں کو اگلے ہفتے خطوط لکھ کر نیب کو بے نقاب کریں گے اور بتائیں گے کہ یہ کس طرح انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد، آصف زرداری پر10اگست کو فردِ جرم عائد کی جائے گی

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چیئرمین نیب کو سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں طلب کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مستقبل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا جلد انعقاد کیا جائے گا۔

قبل ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

عدالت نے آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک مرتبہ پھر مؤخر کرتے ہوئے 10 اگست کی نئی تاریخ مقرر کردی تھی۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں کو گزشتہ چند سالوں سے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت متعدد الزامات کے تحت نیب کی تحقیقات اور ریفرنسز کا سامنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024