• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

روزویلیٹ ہوٹل کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیر کی تعیناتی کا عمل جاری

شائع August 7, 2020
نجکاری کمیشن ملکی اور غیر ملکی ممکنہ سرمایہ کاروں کو اظہار دلچسپی کی دعوت دے گا — فائل فوٹو: فرسٹ چوائس ڈو کو ڈاٹ یوکے
نجکاری کمیشن ملکی اور غیر ملکی ممکنہ سرمایہ کاروں کو اظہار دلچسپی کی دعوت دے گا — فائل فوٹو: فرسٹ چوائس ڈو کو ڈاٹ یوکے

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری نے روزویلیٹ ہوٹلز کو لیز پر دینے کے حوالے سے بات چیت کے لیے ان کیمرا اجلاس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نجیب سمیع نے اجلاس میں شرکت کی اور قائمہ کمیٹی سے انِ کیمرہ اجلاس کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے بتایا کہ مالیاتی مشیر کی تعیناتی کا عمل جاری ہے اور ممکنہ مختلف استعمال کے لیے منصوبے کا جوائنٹ وینچر تشکیل دینے کے لیے پی آئی اے اور ایوی ایشن ڈویژن کی مشاورت سے ٹرم آف ریفرنسز (ٹی او آرز) بنائے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا نیویارک میں پی آئی اے کے ہوٹل کی فروخت پر بات چیت کا فیصلہ

قواعد کے مطابق ٹرانزیکشن کا مجوزہ ڈھانچہ تجاویز کے لیے پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور منظوری اور توثیق کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

کابینہ سے منظور شدہ ٹرانزیکشن اسٹرکچر کے مطابق نجکاری کمیشن ملکی اور غیر ملکی ممکنہ سرمایہ کاروں کو اظہار دلچسپی کی دعوت دے گا جسے پی سی بورڈ، قائمہ کمیٹی برائے نجکاری اور کابینہ میں منظوری کے لیے جمع کروایا جائے گا۔

وزارت دفاع کے ایک سینئر عہدیدار نے کمیٹی کو ’سرمایہ پاکستان لمیٹڈ‘ (ایس پی ایل) کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں: حکومت کا نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے فروری 2019 میں ایس پی ایل کو کابینہ کی منظوری سے ایک ہولڈنگ کمپنی کی حیثیت سے شامل کیا ہے جو 3 سابقہ عہدیداران اور 8 آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل ہے۔

عہدیدار کے مطابق ایس پی ایل کا بنیادی مقصد سبسڈری کمپنیوں کی انتظامیہ کو ہدایت دینا، نگرانی کرنا اور ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے تا کہ انہیں لائن وزارتوں سے بتدریج ایس پی ایل منتقل کیا جاسکے۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ برس مئی سے جولائی تک کے عرصے میں بورڈ کے چیئرمین سمیت 8 میں سے 6 آزاد ڈائریکٹرز مستعفی ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ایس پی ایل غیر فعال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ڈونلڈ ٹرمپ پی آئی اے کا روزویلٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں'

کمیٹی نے تجویز دی کہ سرمایہ پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ کی خالی آسامیوں پر فوری طور پر تعیناتیاں کی جائیں۔

قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کی سربراہی سید مصطفیٰ محمد نے کی جس میں وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، پارلیمانی سیکریٹری برائے نجکاری اور اراکین قومی اسمبلی ذوالفقار علی خان دُلاہ، خرم شہزاد، شندانہ گلزار خان، فہیم خان، صائمہ ندیم، محمد پرویز ملک، سید حسین طارق، سکندر علی راہو پوتا کے علاوہ وزارت نجکاری، خزانہ ہوا بازی اور پی آئی اے آئی ایل کے سینئر عہدیداروں سے شرکت کی۔


یہ خبر 7 اگست 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024