• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں 2 لاکھ 83 ہزار 239 کورونا کیسز میں سے 2 لاکھ 58 ہزار سے زائد صحتیاب

شائع August 7, 2020 اپ ڈیٹ September 9, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور یہاں 2 لاکھ 83 ہزار 239 کیسز میں سے 2 لاکھ 58 ہزار 99 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 64 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

ملک میں کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی یہ تعداد 91 فیصد سے زائد ہے جبکہ اس وقت ملک میں فعال کیسز 18 ہزار سے زیادہ رہ گئے ہیں۔

آج (7 اگست) کو ملک میں مجموعی طور پر 917 کیسز اور 20 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں 28 کیسز اور ایک موت گزشتہ شب کو آنے والے بلوچستان کے اعداد و شمار کے بھی شامل ہیں۔

اگرچہ ملک میں کورونا وائرس گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں بے اثر ہورہا ہے تاہم اب بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔

ملک میں حکومت کی جانب سے کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور پابندیوں کو مزید نرم کرتے ہوئے سیاحت، ریسٹورنٹس، ٹرانسپورٹ، جمز، کیفیز، تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان کردیا گیا تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز تاحال بند رکھے گئے ہیں اور ان کا فیصلہ ستمبر میں کیا جائے گا۔

یہی نہیں بلکہ حکومت نے کاروباری مراکز میں اوقات کار پر عائد پابندی کو بھی ختم کردیا۔

تاہم حکومت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل درآمد کیا جائے۔

اگر ملک میں مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو جون کے مقابلے میں جولائی میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کمی آئی اور یہ سلسلہ اگست میں بھی جاری ہے۔

آج (7 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 487 افراد کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کا شکار ہوگئے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس دوران 12 ہزار 420 ٹیسٹس کیے گئے تھے جس میں سے 487 مثبت آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 246 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مزید 9 افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 259 تک جا پہنچی ہے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 193 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 193 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 94 ہزار 40 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 افراد ایسے بھی تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 164 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس نے 6 اگست کو مزید 28 افراد کو متاثر کیا اور ایک کی جان لے لی۔

سرکاری حکام کی جانب سے سامنے آنے والے 6 اگست کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 11 ہزار 821 تک پہنچ گئے۔

علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال نے وہاں مجموعی اموات کو 137 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں 41 کا اضافہ ہوا جبکہ 3 افراد لقمہ اجل بنے۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں مزید 41 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 15 ہزار 182 ہوگئے۔

مزید برآں وہاں 3 افراد کا انتقال بھی ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 170 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے 107 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 539 ہوگئی۔

صوبے میں جمعہ کو ایک مریض جبکہ گزشتہ سے 2 اموات کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 1222 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

اس وائرس سے دوسرے نمبر پر کم متاثرہ علاقے گلگت بلتستان میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کچھ اضافہ دیکھا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان میں 53 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی اور مجموعی متاثرین کی تعداد 2 ہزار 257 تک جاپہنچی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا کی وبا کی 8 نئے مریضوں میں تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

اس طرح وہاں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 124 ہوگئی۔

مزید برآں آزاد کشمیر میں 2 افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور مجموعی اموات 57 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں جہاں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جو اُمید کی کرن ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 41 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 99 ہوگئی جو 91 فیصد سے زائد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 283239

اموات: 6064

صحتیاب: 258099

فعال کیسز: 19076

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 22 ہزار 759 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 40 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 539 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 821 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 182، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 124 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 287 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2259

پنجاب: 2164

خیبرپختونخوا: 1222

بلوچستان: 137

اسلام آباد: 170

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 57


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024