• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رائن رینالڈز و بلیک لاؤلی کی متنازع مقام پر شادی کرنے پر معذرت

شائع August 5, 2020
دونوں نے مداحوں سے معذرت کرلی—فوٹو: اے ایف پی
دونوں نے مداحوں سے معذرت کرلی—فوٹو: اے ایف پی

ڈیڈپول اسٹار 43 سالہ رائن رینالڈز نے 8 سال قبل متنازع مقام پر 32 سالہ اداکارہ بلیک لاؤلی سے شادی کرنے پر مداحوں سے معذرت کرلی۔

رائن رینالڈز اور بلیک لاؤلی نے ستمبر 2012 میں امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے شہر چارلسٹن میں واقع ایک میوزیم اور تاریخی عمارت میں خاموشی سے شادی کرلی تھی۔

دونوں نے انتہائی سادگی سے کم رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں چارلسٹن میں واقع بون ہال پلانٹیشن نامی تاریخی جگہ، پارک و میوزیم میں شادی کی تھی۔

مذکورہ مقام کو امریکا کی نوآبادیاتی دور میں تعمیر کیا گیا تھا، یہ میوزیم اور گارڈن 320 سال پرانا ہے۔

بون ہال پلانٹیشن نامی عمارت کی حدود میں کئی دیگر تاریخی گارڈنز اور جگہیں بھی موجود ہیں، جنہیں سیاہ فام افراد کو غلاموں کے طور پر فروخت کرنے والی مارکیٹس یا جیل کے طور پر بھی پہنچانا جاتا رہا ہے۔

بون ہال پلانٹیشن کی بنیاد اگرچہ 1837 میں رکھی گئی مگر اس کی حدود میں واقع دیگر گارڈنز کی بنیاد اس سے قبل ہی رکھی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: رائن رینالڈز کی سالگرہ پر اہلیہ بلیک لائولی کا مذاق

اسی عمارت میں (سلیو اسٹریٹ) یعنی غلاموں کی گلی نامی گارڈن بھی موجود ہے، جس کی بنیاد 1800 سے قبل ہی رکھی گئی تھی، جہاں خانہ جنگی کے دور میں سیاہ فام غلاموں کی خرید و فروخت کا کام سر انجام دیا جاتا تھا۔

بلیک لاؤلی نے بھی متنازع مقام پر شادی کرنے پر معذرت کرلی—فائل فوٹو: اے ایف پی
بلیک لاؤلی نے بھی متنازع مقام پر شادی کرنے پر معذرت کرلی—فائل فوٹو: اے ایف پی

مذکورہ مقام پر سرکاری آشیرواد کے ساتھ افریقا سے لائے گئے سیاہ فام مرد و خواتین کی خرید و فروخت ہوتی تھی اور اسی جگہ غلاموں کو جانوروں کی طرح مارکیٹ میں باندھ کر رکھا جاتا تھا، جہاں انہیں استحصال کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔

اداکار رائن رینالڈز نے اپنی دوسری شادی اداکارہ بلیک لاؤلی کے ساتھ ستمبر 2012 میں اسی مقام یعنی غلاموں کی گلی کے گارڈن میں ہی کی تھی اور شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو فخریہ انداز میں پھیلایا گیا تھا۔

تاہم متنازع مقام پر شادی کرنے کے 8 سال بعد اب اداکار جوڑے نے مداحوں سے معذرت کرلی۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ رائن رینالڈز نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران مداحوں سے متنازع مقام پر شادی پر معذرت کی۔

رائن رینالڈز کے مطابق انہوں نے شادی کا مقام سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن پینٹریسٹ پر تصاویر دیکھنے کے بعد منتخب کیا تھا، تاہم انہیں مذکورہ مقام کے انتخاب پر افسوس ہے۔

فاسٹ کمپنی کو دیے گئے انٹرویو میں رائن رینالڈز نے ماضی کے اپنے تمام فیصلوں پر معذرت کی اور ساتھ ہی ان کی اہلیہ بلیک لاؤلی نے بھی متنازع مقام پر شادی کرنے پر مداحوں سے معافی مانگی۔

دونوں کو تین بچے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کو تین بچے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ ماضی میں دونوں کی شادی پر مداحوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، تاہم حال ہی میں امریکا میں سیاہ فام افراد کے خؒلاف نسلی تعصب کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد ان کی شادی کے مقام پر بھی تنقید کی گئی تھی۔

رائن رینالڈز اور ان کی اہلیہ بلیک لاؤلی نے حال ہی میں سیاہ فام افراد کو قانونی حقوق فراہم کرنے کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو 10 لاکھ ڈالر کی رقم بھی امداد میں دی تھی۔

مزید پڑھیں: بلیک لائولی نے شوہر کی فلم کے پریمیئر پر دنیا کو حیران کردیا

خیال رہے کہ بلیک لاؤلی سے قبل رائن رینالڈز نے اداکارہ اسکارلٹ جانسن سے پہلی شادی کی تھی۔

رائن رینالڈز اور اسکارلٹ جانسن نے 2008 میں شادی کی تھی جو 2011 میں طلاق پر ختم ہوئی اور ایک سال بعد ہی اداکار نے دوسری شادی کرلی۔

دوسری شادی کے 2 سال بعد جوڑے کے ہاں پہلے بیٹے جیمز کی پیدائش 2014 میں ہوئی، جس کے بعد ان کے ہاں بیٹی آنیز 2016 میں پیدا ہوئی اور اکتوبر 2019 میں ان کے ہاں تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

رائن رینالڈز نے پہلی شادی اسکارلٹ جانسن سے کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
رائن رینالڈز نے پہلی شادی اسکارلٹ جانسن سے کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024