• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے نیب کی ٹیم تشکیل

شائع August 5, 2020
وفاقی حکومت نے چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا کہا تھا—فائل فوٹو: اے پی پی
وفاقی حکومت نے چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا کہا تھا—فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ملک میں حالیہ چینی اسکینڈل خاص طور پر برآمدات پر ملز مالکان کو دی گئی چینی کی سبسڈی کے معاملے میں تحقیقات کے لیے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے لکھے گئے خط کے موصول ہونے کے بعد نیب ہیڈکوارٹرز نے چینی کی سبسڈی کا معاملہ بیورو کے راولپنڈی دفتر کو بھیج دیا۔

واضح رہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں مختلف محکموں کو مختلف زاویوں اور پہلوؤں کے ذریعے اسکینڈل کی تحقیقات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں نیب ہیڈکوارٹرز کے فیصلے کے بعد بیورو کے راولپنڈی دفتر کی جانب سے ایک اجلاس ہوا، جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں سی آئی ٹی تشکیل دی گئی۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا صوبوں، متعلقہ اداروں کو شوگر ملز کیخلاف تحقیقات کا حکم

واضح رہے کہ عرفان منگی سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کی گئی اس مشترکہ تحقیقات ٹیم کے اراکین میں سے ایک تھے جس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مشہور پاناما لیکس کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

اس کے علاوہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت کے خلاف ہونے والی جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے سربراہ بھی ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سی آئی ٹی چینی پر برآمدی سبسڈی کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کرے گی جبکہ تحقیقاتی ٹیم سوالات کے لیے شوگر ملز مالکان کو بھی طلب کرے گی۔

واضح رہے کہ 28 جولائی کو وفاقی حکومت نے متعلہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ چینی مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور 90 روز میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد اسٹیٹ بینک پاکستان، مسابقتی کمیشن پاکستان اور پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ کے چیف سیکریٹریز کو الگ الگ خط لکھا تھا اور ان سے فرانزک آڈٹ کی رپورٹ کی روشنی میں چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا کہا تھا۔

چینی بحران کی تحقیقات اور کارروائی کا معاملہ

یاد رہے کہ ملک میں چینی کے بحران کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے 4 اپریل کو اپنی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چینی کی برآمد اور قیمت بڑھنے سے سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین کے گروپ کو ہوا جبکہ برآمد اور اس پر سبسڈی دینے سے ملک میں چینی کا بحران پیدا ہوا تھا۔

انکوائری کمیٹی کی تحقیقات کے مطابق جنوری 2019 میں چینی کی برآمد اور سال 19-2018 میں فصلوں کی کٹائی کے دوران گنے کی پیدوار کم ہونے کی توقع تھی اس لیے چینی کی برآمد کا جواز نہیں تھا جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی مافیا-سیاستدانوں کا گٹھ جوڑ، صارفین اور کسانوں کو دھوکا دینے میں ملوث

بعدازاں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک آڈٹ کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ 21 مئی کو سامنے لائی تھی جس کے مطابق چینی کی پیداوار میں 51 فیصد حصہ رکھنے والے 6 گروہ کا آڈٹ کیا گیا جن میں سے الائنس ملز، جے ڈی ڈبلیو گروپ اور العربیہ مل اوور انوائسنگ، دو کھاتے رکھنے اور بے نامی فروخت میں ملوث پائے گئے۔

شہزاد اکبر نے کہا تھا انکوائری کمیشن کو مل مالکان کی جانب سے 2، 2 کھاتے رکھنے کے شواہد ملے ہیں، ایک کھاتہ سرکاری اداروں جیسا کہ ایس ای سی پی، ایف بی آر کو دکھایا جاتا ہے اور دوسرا سیٹھ کو دکھایا جاتا ہے جس میں اصل منافع موجود ہوتا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا تھا کہ انکوائری کمیشن کے مطابق اس وقت ملک میں شوگر ملز ایک کارٹیل کے طور پر کام کررہی ہیں اور کارٹیلائزیشن کو روکنے والا ریگولیٹر ادارہ مسابقتی کمیشن پاکستان اس کو روک نہیں پارہا، 2009 میں مسابقتی کمیشن نے کارٹیلائزیشن سے متعلق رپورٹ کیا تھا جس کے خلاف تمام ملز مالکان میدان میں آگئے تھے۔

چنانچہ 7 جون کو وزیر اعظم عمران خان نے شوگر کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں چینی اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف سفارشات اور سزا کو منظور کرتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024