• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس پر افسران و جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش

شائع August 4, 2020
یوم شہدائے پولیس کی ایک تقریب میں بچی شمع روشن کرتے ہوئے—فائل فوٹو: اے پی پی
یوم شہدائے پولیس کی ایک تقریب میں بچی شمع روشن کرتے ہوئے—فائل فوٹو: اے پی پی

ملک بھر میں آج یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے جوانوں کو خرج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پولیس فورس کی خدمات کے اعتراف میں چاروں صوبوں کے پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔

یوم شہدائے پولیس ہر سال مورخہ 04 اگست کو ملکی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھی شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فرض کی انجام دہی میں پولیس، مدد کی ہر آواز پر سب سے پہلے پہنچتی ہے، ہر اور ہر پکار کا مقصد اور فخر سے جواب دیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں بھی پولیس شہدا کا دن منایا گیا جس کا مقصد ان بہادر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا جنہوں نے ملک کے لیے قربانی دیں۔

اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے شہدا نے مادر وطن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے، وہ قوم کے ہیروز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’قوم شہدا کی مقروض ہے‘، صدر اور آرمی چیف کا یوم شہدائے پولیس پر پیغام

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کی مدد کے لیے انہیں خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔

یادگار شہدا پر پھول چڑھائے گئے—فوٹو: امتیاز علی
یادگار شہدا پر پھول چڑھائے گئے—فوٹو: امتیاز علی

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قیام امن کے لیے بہادر پولیس اہلکاروں کی گراں قدر قربانیاں بے مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ملک میں امن و استحکام کے لیے بلکہ پرامن معاشرے اور ماحول کے لیے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

محمود خان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں بھی محکمہ پولیس نے ہر اول دستے کے طور پر مثالی خدمات انجام دیں۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ اسمٰعیل خان: پولیس وین کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید

علاوہ ازیں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ مشتاق احمد مہر نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں یادگار شہداء پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کر کے فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس جوانوں اور افسران کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ خادم حسین رند، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ ثاقب اسمٰعیل میمن، ڈی آئی ڈی جی فنانس ذوالفقار مہر کے علاوہ سی پی او میں تعینات دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

شہدائے پولیس دن کی مناسبت سے آئی جی سندھ مشتاق احمد شہید اہلکاروں کے گھر گئے اور فاتحہ خوانی کے علاوہ اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سندھ پولیس کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: چلاس: سی ٹی ڈی اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 5 اہلکار شہید

آئی جی سندھ نے شہداء کے ورثاء سے ملاقات میں انہیں یقین دہانی کرائی کہ سندھ پولیس ہر لمحہ ان کے ساتھ ہے اور وہ خود کو کسی بھی طور تنہا نہ سمجھیں۔

یوم شہدا پر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا—فوٹو: امتیاز علی
یوم شہدا پر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا—فوٹو: امتیاز علی

انہوں نے کہا کہ شہدائے سندھ پولیس اوران کی قربانیاں ہمارا اثاثہ ہیں جبکہ ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود ہماری ذمہ داری ہے۔

ادھر ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بھی پولیس فورس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’پولیس اہلکار امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں، ہمیں ان کی قربانیوں پر فخر ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024