• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سشانت سنگھ کی خودکشی کیس میں نیا موڑ، خفیہ ایجنسی سے تفتیش کرانے کا اعلان

شائع August 4, 2020
اب معاملہ اداکار کے اہل خانہ اور ان کی سابق گرل فرینڈ کے درمیان جھگڑے میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اب معاملہ اداکار کے اہل خانہ اور ان کی سابق گرل فرینڈ کے درمیان جھگڑے میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا معاملہ حل ہونے کے بجائے جہاں معمہ بنتا جا رہا ہے، وہیں اس کیس میں اب نیا موڑ سامنے آیا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا معاملہ تاحال حل نہ ہوپانے کے بعد ان کی آبائی ریاست بہار کی حکومت نے اداکار کے خودکشی کے معاملے کی تحقیقات سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے کرانے کی سفارش کردی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش کے لیے سی بی آئی سے رابطہ کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق نتیش کمار نے سشانت سنگھ کے والد اور دیگر اہل خانہ سے بات چیت کے بعد اعلان کیا کہ وہ اداکار کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرنے کی اپیل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ بہار کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب کہ ایک روز قبل ہی اداکار کے والد کے کے سنگھ نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ ان کے بیٹے کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرائی جائے۔

اداکار نے 14 جون کو خودکشی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے 14 جون کو خودکشی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ سشانت سنگھ کے والد اور ان کے وکیل نےتین اگست کو بہار کی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ اداکار کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا حکم دیں۔

اب بہار کی حکومت نے سشانت سنگھ کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت مرکزی حکومت سے سی بی آئی کی تفتیشی ٹیم بھیجنے کی اپیل کرے گی۔

سی بی آئی کو براہ راست ریاستی حکومت کسی بھی کیس کی تفتیش کا حکم نہیں دے سکتی بلکہ ریاستی حکومت مرکزی وزارت داخلہ کو درخواست دے گی کہ خفیہ ایجنسی کو تفتیش کا حکم دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

دوسری جانب سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کے بہار حکومت کے اعلان پر اداکارہ ریا چکربورتی کے وکلا نے ریاستی حکومت کے قدم کو غیر قانونی قرار دیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بہار حکومت کی جانب سے سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کے اعلان پر ریا چکربورتی کے وکیل ستیش منیشندے کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کیا گیا تو یہ قدم غیر قانونی ہوگا۔

اداکارہ کے وکیل کے مطابق چوں کہ اداکار نے ریاست مہاراشٹر میں خودکشی کی تھی اور ان کی خودکشی کا کیس ریاست بہار کی حدود میں نہیں آتا، اس لیے ریاستی حکومت وہ سی بی آئی کو تفتیش کی سفارش نہیں کر سکتی۔

اداکارہ کے وکیل کے مطابق بہار حکومت کی جانب سے سی بی آئی کو تفتیش کی سفارش کرنا غیر قانونی ہوگا اور اسے ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

چند دن قبل ہی اداکار کے والد نے ریا چکربورتی کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
چند دن قبل ہی اداکار کے والد نے ریا چکربورتی کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کی قانونی ٹیم نے پہلے ہی ریاست بہار میں اداکارہ پر سشانت سنگھ کے والد کی جانب سے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کروانے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

سشانت سنگھ کے والد نے 29 جولائی کو بہار کے شہر پٹنا میں اداکارہ کے خلاف بیٹے کو بلیک میل کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ راجپوت نے زندگی کے آخری ڈھائی گھنٹے کیسے گزارے؟

سشانت کے والد کی جانب سے مقدمہ دائر ہونے کے بعد 2 دن بعد اداکارہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی تھی کہ ان کے خلاف بہار میں دائر کیا گیا مقدمہ ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی منتقل کیا جائے۔

اداکارہ نے درخواست میں کہا تھا کہ سشانت سنگھ نے مہاراشٹر میں خودکشی کی تھی اور ان کا مقدمہ بہار میں دائر کرنا درست نہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بہار میں سشانت سنگھ کے والد اثر و رسوخ رکھتےہیں اور وہ وہاں پر تفیش پر اثر انداز ہوں گے۔

ایک طرف جہاں سشانت سنگھ کی خودکشی کو ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر جانے سے تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اداکار نے آخر کن بڑی پریشانیوں کی وجہ سے خودکشی کی۔

وہیں دوسری جانب اداکار کے اہل خانہ اور ان کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے درمیان قانونی جنگ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ راجپوت خودکشی، سنجے لیلا بھنسالی کے اہم انکشافات

سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو خودکشی کی تھی، جس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی خودکشی کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کردی تھی اور اب تک ممبئی پولیس 40 کے قریب شخصیات کے بیانات ریکارڈ کر چکی ہے۔

ممبئی پولیس کی جانب سے 40 کے قریب شخصیات کے بیانات ریکارڈ کیے جانے کے باوجود تاحال اس بات کا پتا نہیں لگایا جا سکا کہ اداکار نے کن خاص وجوہات کی وجہ سے خودکشی کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی تاہم ان کی موت کے بعد کئی افراد نے سوشل میڈیا پر بولی وڈ کی بااثر شخصیات پر اداکار کو سازش کے تحت خودکشی پر مجبور کرنے کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

ریا چکربورتی پر اداکار کے والدین نے بیٹے کو بلیک میل کرنے کے الزامات لگائے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
ریا چکربورتی پر اداکار کے والدین نے بیٹے کو بلیک میل کرنے کے الزامات لگائے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024