• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فن لینڈ کی وزیراعظم نے بیٹی کی پیدائش کے ڈھائی سال بعد شادی کرلی

شائع August 3, 2020
سانا مارین کو دنیا کی کم عمرترین وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا —فوٹو:رائٹرز
سانا مارین کو دنیا کی کم عمرترین وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا —فوٹو:رائٹرز

فن لینڈ کی وزیراعظم سانا مارین نے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے 8 ماہ بعد اپنے منگیتر سے شادی کرلی، جن سے ان کی رفاقت گزشتہ 16 برس سے ہے۔

خبر ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کی 34 سالہ خاتون وزیراعظم سانا مارین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں مارکوس ریکونین سے شادی کا اعلان کیا اور تصاویر بھی جاری کیں۔

مزید پڑھیں:فن لینڈ کی 34 سالہ سانا مارین دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں

انسٹاگرام پر جاری تصاویر میں سانا مارین سفید عروسی جوڑے میں ہاتھوں میں گلدستہ لیے مارکوس ریکونن کے ساتھ کھڑی ہیں۔

اس حوالے سے فن لینڈ کی حکومت نے ایک جاری بیان میں کہا کہ شادی کی تقریب خاتون وزیراعظم کے سرکاری دفتر کیسارانٹا میں منعقد ہوئی اور تقریب میں جوڑے کے خاندان اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

حکومتی بیان کے مطابق مارین اور مارکوس گزشتہ 16برس سے تعلقات میں ہیں اور ان کی ڈھائی سالہ بیٹی بھی ہے۔

فن لینڈ کی وزیر اعظم نے انسٹاگرام میں لکھا کہ میں اس شخص کو اپنا شریک حیات بنانے پر بے حد خوش ہوں، جن سے میں پیار کرتی ہوں۔

خیال رہے کہ سانا مارین کا تعلق سوشل ڈیموکریٹ سے ہے اور گزشتہ برس دسمبر میں فن لینڈ کی وزیر اعظم منتخب ہوئی تھیں۔

سانا مارین کو دنیا کی کم عمرترین وزیر اعظم بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا لیکن چند ہفتوں بعد ہی آسٹریا کے چانسلر سیباسچن کورز کے حکمران بننے کے بعد انہیں اس اعزاز سے محروم ہونا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فن لینڈ کے وزیراعظم پوسٹل ملازمین کے شدید احتجاج پر مستعفی

اسی طرح جب سانا مارین 34 برس کی عمر میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے والی پہلی وزیر اعظم بن گئی تھیں تو دوسرے کم عمر ترین وزیر اعظم کا درجہ یوکرین کے وزیر اعظم 35 سالہ اولکسے ہونچارک کے پاس تھا جبکہ تیسری کم عمر ترین وزیر اعظم نیوزی لینڈ کی 39 سالہ جینسڈا آرڈرن تھیں تاہم اب ان کا ایک درجہ کم ہوا ہے۔

آسٹریا کے چانسلر سیباسچن کورز نے رواں ماہ ہی 34 ویں سالگرہ منائیں تاہم مارین اب بھی فن لینڈ کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں۔

سانا مارین پہلی بار فن لینڈ کی 5 سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے بننے والی حکومت کے تحت وزیر اعظم بنی ہیں اور اس اتحاد میں شامل پانچوں سیاسی جماعتوں کی سربراہی خواتین کے پاس ہے۔

سانا مارین وزیر اعظم بننے سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہی تھیں جبکہ 2015 میں پہلی بار 30 سال کی عمر میں رکن اسمبلی بنی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024